کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2020
کراچی میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، جس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس بات پر زور دیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن و دیگر اقدامات اہم ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں این سی او سی کا اجلاس ہوا، جہاں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز خاص طور پر کراچی میں اس کے اضافے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

این سی او سی کو بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 747 مثبت کیسز میں سے کراچی میں 365 کیس رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 347 کیسز کا اضافہ، مزید 541 مریض صحتیاب

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس بات پر زور دیا کہ بیماری کی روک تھام کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن، کانٹیکٹ ٹریسنگ اور صحت کے اصولوں پر عمل درآمد اہم ہے۔

دوران اجلاس سیکریٹری صحت سندھ نے بتایا کہ شہری انتظامیہ صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور بیماری کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مناسب انتظامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس بھی کراچی میں رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد یہاں تعلیمی اداروں کی بندش سمیت لاک ڈاؤن کے اقدامات دیکھنے میں آئے تھے۔

یہ لاک ڈاؤن ابتدائی طور پر پورے شہر میں لگایا گیا تھا اور اس کے تحت مارکیٹوں، بازاروں، شاپنگ مالز، جمز، کھیلوں کے مقابلوں سمیت مختلف شعبوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔

تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ لاک ڈاؤن، اسمارٹ لاک ڈاؤن میں تبدیل ہوا تھا اور مخصوص علاقوں میں کیسز کو دیکھتے ہوئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔

بعد ازاں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہونے کے بعد لاک ڈاؤن کے تحت عائد پابندیوں کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا تھا اور معمولات زندگی بحال ہوگئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کورونا وائرس کے 10 میں سے 9 مریضوں میں بیماری کی علامات نہیں، تحقیق

اگرچہ ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو 7 ماہ کے عرصے میں اس میں کافی حد تک بہتری آگئی ہے تاہم گزشتہ کچھ روز سے ملک کے مختلف حصوں خاص طور پر سندھ میں کیسز کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

ملک میں ابھی تک 3 لاکھ 12 ہزار 263 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں تاہم ان میں سے 2 لاکھ 96 ہزار 881 صحتیاب ہوگئے ہیں اور 6 ہزار 479 کا انتقال ہوا ہے۔

سندھ کے کیسز پر ایک نظر ڈالیں تو سب سے زیادہ متاثر صوبہ اس وقت یہی ہے اور یہاں اب تک ایک لاکھ 36 ہزار 795 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 2 ہزار 497 ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ دنوں آغا خان یونیورسٹی کے محققین نے حالیہ تحقیق میں یہ انکشاف کیا تھا کہ کراچی میں کووڈ 19 کے 10 میں سے 9 مریضوں میں بیماری کی علامات نہیں (یعنی وہ اے سپٹومیٹک) ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں