بصارت سے محروم پاکستانی لڑکی کا برطانوی میوزک شو کے فائنل میں پہنچنے کا امکان

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2020
سیرین جہانگیر نے سیمی فائنل میں شاندار پرفارمنس کی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
سیرین جہانگیر نے سیمی فائنل میں شاندار پرفارمنس کی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

یورپی ملک برطانیہ میں ہر سال ہونے والے معروف ٹیلنٹڈ میوزک شو 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' میں پہلی بار کسی پاکستانی نژاد لڑکی سیرین جہانگیر کے پہنچنے کے امکانات ہیں۔

اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ممکنہ طور پر جو پاکستانی نژاد لڑکی مذکورہ شو کے فائنل میں پہنچیں گی وہ بصارت سے محروم ہیں اور وہ یہ اعزاز رکھنے والی پہلی ایشیائی بھی بن جائیں گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے گرینڈ فنالے میں 10 پرفارمنسر پہنچیں گے، جن میں سے فاتح کو ڈھائی لاکھ یورو کی رقم دی جائے گی۔

'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کا فائنل رواں ماہ 10 اکتوبر کو ہوگا اور اس میں پہنچنے والے 10 امیدواروں یا ٹیموں میں سے 5 کو شو کے ججز فائنل کے لیے منتخب کریں گے، جب کہ 5 عوامی ووٹوں کے ذریعے فائنل میں جگہ بنائیں گے۔

'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے فائنل کے ججز نے 5 امیدواروں یا ٹیموں کا انتخاب کرلیا ہے، جن کے درمیان گرینڈ فنالے کے دوران سخت مقابلے کا امکان ہے۔

اگرچہ شو کے ججز نے تمام 5 امیدواروں یا ٹیموں کا انتخاب کرلیا ہے، تاہم تاحال عوامی ووٹوں سے فائنل میں پہنچنے والے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا گیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کا اعلان فائنل سے 2 دن قبل ہی کیا جائے گا۔

بی بی سی کے مطابق اب تک 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے ہونے والے شوز کی پرفارمنس اور عوامی ووٹوں سمیت ججز کی رائے کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پاکستانی نژاد بصارت سے محروم 14 سالہ گلوکارہ سیرین جہانگیر بھی فائنل میں پہنچیں گی۔

سیرین جہانگیر کم عمری میں ہی بینائی سے محروم ہوگئی تھیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
سیرین جہانگیر کم عمری میں ہی بینائی سے محروم ہوگئی تھیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

سیرین جہانگیر 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' میں پہلی بار رواں برس 16 مئی کو پیش ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنے تعارف کے دوران ہی سب کو حیران کردیا تھا۔

بصارت سے محروم سیرین جہانگیر نے شو میں اپنا تعارف کراتے ہوئے خود کو میوزک کا دلدادہ بتایا تھا اور انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ وہ 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کا فائنل جیت کر نئی تاریخ رقم کریں گی۔

ابتدائی سیشن کے بعد سیرین جہانگیر ایک کے بعد ایک سیشن میں حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچیں اور انہوں نے گزشتہ ماہ 19 ستمبر کو 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے سیمی فائنل میں اپنی پرفارمنس سے سب کو ششدر کردیا تھا۔

سیرین جہانگیر نے 19 ستمبر کو ہونے والی سیمی فائنل میں 'کیری یو' گانا گاکر سب کو اپنا دیوانہ کردیا۔

سیرین جہانگیر کی پیدائش لندن میں ہوئی تھی اور ان کے والدین کئی دہائیوں سے برطانیہ میں مقیم ہیں، سیرین جہانگیر کے دادا صاحبزادہ جہانگیر پاکستانی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایتی ہیں اور وہ اس وقت وزیر اعظم عمران خان کے یورپ میں تجارت سے متعلق مشیر بھی ہیں۔

مذکورہ گانے کی پرفارمنس کے دوران سیرین جہانگیر جذباتی ہوگئیں اور وہ گانے کے اختتام سے قبل ہی آبدیدہ ہوگئیں، جس کے بعد پروگرام کے تمام ججز اور مداحوں نے کھڑے ہوکر ان کے لیے تالیاں بجائیں۔

'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے سیمی فائنل میں سیرین جہانگیر کو ان کے والد ہی اسٹیج پر پیانو کے سامنے بٹھاکر آئے تھے اور شو میں ان کی والدہ سمیت بھائی اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے۔

سیمی فائنل میں سیرین جہانگیر کی شاندار پرفارمنس پر شو کے ججز نے ان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جادوئی پرفارمنس کی ملکہ اور منفرد گلوکارہ قرار دیا تھا۔

سیمی فائنل میں شائقین اور ججز کی جانب سے تعریفیں کیے جانے کی وجہ سے ہی خیال کیا جا رہا ہے کہ سیرین جہانگیر 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے فائنل میں پہنچنے کے لیے شائقین کے آن لائن مطلوبہ ووٹ حاصل کرلیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سیرین جہانگیر 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی نژاد گلوکارہ ہیں اور وہ سیمی فائنل تک پہنچنے والی پہلی بصارت سے محروم لڑکی بھی ہیں۔

اگر وہ 'بریٹن گاٹ ٹیلنٹ' کے فائنل میں پہنچ گئیں تو وہ ایک نئی تاریخ رقم کریں گی اور اگر وہ شو کا فائنل جیت گئیں تو وہ نہ صرف اچھا انعام حاصل کرنے میں کامیاب جائیں گی بلکہ ان کی نئی زندگی کی شروعات بھی ہوگی اور وہ منفرد اعزاز بھی اپنے نام کریں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں