’دی بیٹ مین‘ کی ریلیز 2022 تک ملتوی

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2020
فلم میں روبرٹ پیٹنسن مرکزی کردار نبھائیں گے — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فلم میں روبرٹ پیٹنسن مرکزی کردار نبھائیں گے — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤنز اور سماجی فاصلے کے اقدامات کی وجہ سے جہاں دنیا بھر کے مختلف تھیٹرز بند ہیں وہیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری مسائل کا شکار ہے۔

اور اب وارنر بردارز نے اپنی دو فلموں ’ڈیون‘ اور ’دی بیٹ مین‘ کو تاخیر سے ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق کینڈین ڈائریکٹر ڈینس ویلینیو کی ہدایت کاری میں بننے والی سائنس فکشن فلم ‘ڈیون’ اب دسمبر کے بجائے اکتوبر 2021 میں ریلیز ہوگی۔

‘دی بیٹ مین’ جس میں اداکار روبرٹ پیٹسن مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، کو آئندہ برس اکتوبر کے بجائے 2022 کی بہار میں ریلیز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: 2 ہفتے کی بندش کے بعد 'دی بیٹ مین' کی شوٹنگ دوبارہ شروع

خیال رہے کہ وارنر اسٹوڈیو نے ابتدائی طور پر اعلان کیا تھا کہ فلم دی بیٹ مین کو سال 2021 کی جون میں ریلیز کیا جائے گا بعدازاں اسے اکتوبر 2021 میں ریلیز کرنےکا اعلان ہوا تھا اور اب اس میں تاخیر کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

علاوہ ازیں ستمبر میں ہولی وڈ کی سائنس فکشن فلم 'دی بیٹ مین' کے مرکزی اداکار روبرٹ پیٹسن میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد فلم کی شوٹنگ 2 ہفتے تک روک دی گئی تھی۔

فلم اسٹوڈیو وارنر بروس نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے فرد کا نام نہیں بتایا تھا تاہم ورائٹی، ہولی وڈ رپورٹر اور وینیٹی فیئر نے تمام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جس فرد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ فلم اسٹار روبرٹ پیٹسن ہیں۔

یہ واضح نہیں تھا کہ اداکار میں عالمی وبا کا باعث بننے والے کورونا وائرس کی علامات کس حد تک ظاہر ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: فلم ’بیٹ مین‘ کی ریلیز بھی تاخیر کا شکار

کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کے باوجود فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہورہی ہے، لوگ سنیما ہالز میں جانے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور کئی تھیٹرز اب بھی آپریشنل نہیں ہیں۔

گزشتہ روز دنیا کی دوسری بڑی سنیما چین سائن ورلڈ نے عارضی طور پر برطانیہ اور امریکا میں تھیٹرز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ڈیون نے اپنی کاسٹ کی وجہ سے کافی توجہ حاصل کی ہے، فلم میں 24 سالہ ٹیموتھی شالامیٹ شامل ہیں جنہیں 2017 میں فلم ‘ کال می بائے یور نیم’ میں اداکاری پر اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں وارنر برادرز ونڈر وومن 1984 کی ریلیز مؤخر کرچکے ہیں جبکہ جیمز بانڈ کی فلم ‘نو ٹائم ٹو ڈائے’ کی فلم بھی اپریل 2021 تک تاخیر کا شکار ہوچکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں