پریوں کی کہانی سے بھرپور سیریز ’دی کراؤن‘

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2020
چوتھے سیزن میں لیڈی ڈیانا کا کردار متعارف کرایا جائے گا—اسکرین شاٹ/ نیٹ فلیکس یوٹیوب
چوتھے سیزن میں لیڈی ڈیانا کا کردار متعارف کرایا جائے گا—اسکرین شاٹ/ نیٹ فلیکس یوٹیوب

اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ کی جلد ریلیز ہونے والی معروف اور متنازع ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کے چوتھے سیزن کے ٹریلر نے دھوم مچادی۔

’دی کراؤن 4‘ چار سال قبل شروع ہونے والی سیریز کا چوتھا حصہ ہے، جسے 15 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

دو منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹریلر میں نہ صرف شہزادی ڈیانا اور ان کے شوہر چارلس کی شادی اور رومانس کو دکھایا گیا ہے بلکہ ٹریلر میں برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’دی کراؤن‘ کی اداکارہ کا کم عمر نوجوان کے ساتھ معاشقے کا اعتراف

ٹریلر میں پس پردہ آواز میں برطانوی شاہی محل کی پریوں کی رومانوی کہانی کو پیش کیا گیا ہے اور ٹریلر کو دیکھ کر عندیہ ملتا ہے کہ اس بار ’دی کراؤن‘ کا چوتھا حصہ اپنے پرانے سیزنز کے ریکارڈز بھی توڑ دے گا۔

’دی کراؤن‘ کو ابتدائی طور پر نومبر 2016 میں جاری کیا گیا تھا اور اس سیریز کے پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کا شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔

’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔

’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔

سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا تھا۔

’دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا۔

سیریز کا چوتھا سیزن اب نومبر 2020 میں ریلیز کیا جائے گا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا جائے گا۔

چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا جائے گا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے جائیں گے۔

چوتھے سیزن میں لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی سمیت ممکنہ طور پر لیڈی ڈیانا کے معاشقوں کو بھی دکھایا جائے گا۔

مذکورہ سیزن کے بعد ’دی کراؤن‘ کے پانچویں اور چھٹے سیزن کو بھی جاری کیا جائے گا اور تمام سیزنز کی کہانی ملکہ برطانیہ کے گرد گھومے گی۔

پہلے اور دوسرے سیزن میں ملکہ برطانیہ کا کردار 36 سالہ اداکارہ کلیری ایلزتھ فائے نے ادا کیا تھا جبکہ تیسرے اور چوتھے سیزن میں ان کا کردار اداکارہ اولیویا کولمین ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

چوتھے سیزن میں لیڈی ڈیانا کا کردار ایما کورنیا ادا کرتی دکھائی دیں گی جبکہ شہزادہ چارلس کا کردار اداکار جوش او کونر ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں