2 ہزار فلموں میں کام کرنے والے اداکار پر ’ریپ‘ کے 7 الزامات عائد

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2020
اداکار نے تمام الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو : لاس اینجلس ٹائمز
اداکار نے تمام الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو : لاس اینجلس ٹائمز

کم از کم 2 ہزار فحش فلموں میں کام کرنے والے 67 سالہ امریکی اداکار رونالڈ جیریمی ہیٹ المعروف رون جیریمی پر امریکی عدالت میں ’ریپ‘ اور ’جنسی استحصال‘ کے مزید نئے الزامات عائد کردیے گئے۔

اس سے قبل رواں برس 31 اگست کو ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی سپریم کورٹ میں مقامی حکام نے ان پر 12 خواتین کے ’ریپ‘ اور ’جنسی استحصال‘ کے 20 الزامات لگائے تھے۔

رون جیریمی پر رواں برس جون میں بھی 5 خواتین کے ’ریپ‘ اور جنسی استحصال کے الزامات لگائے گئے تھے اور انہوں نے ماضی میں خود پر لگے تمام الزامات کو مستر کردیا تھا۔

اور اب ان پر لاس اینجلس کی سپریم کورٹ میں ہی مزید 6 خواتین کے ’ریپ‘ اور ’جنسی استحصال‘ کے 7 نئے الزامات عائد کردیے گئے مگر انہوں نے نئے الزامات کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لاس اینجلس کے ڈسٹرکٹ اٹارنی جنرل کے حکام نے رون جیریمی پر سماعت کے دوران ایک نو عمر لڑکی سمیت 6 خواتین کے ’ریپ‘ اور ’جنسی استحصال‘ کے 7 نئے الزامات عائد کردیے۔

تاہم رون جیریمی نے ماضی کے تمام الزامات کی طرح نئے الزامات کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

67 سالہ اداکار اس وقت ضمانت پر رہا ہیں—فوٹو: اے پی
67 سالہ اداکار اس وقت ضمانت پر رہا ہیں—فوٹو: اے پی

رون جیریمی پر لگائے گئے نئے الزامات کے تحت انہوں نے ایک 17 سالہ لڑکی کے ’ریپ‘ سمیت مجموعی طور پر 6 خواتین کو 7 بار ’ریپ‘ و ’جنسی استحصال‘ کا نشانہ بنایا۔

ان پر لگائے گئے الزامات کے مطابق اداکار نے 17 سے 38 سال کی عمر کی خواتین کو 1996 سے 2013 تک مختلف مواقع پر نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: 2 ہزار فلموں میں جلوہ گر ہونے والے اداکار پر 17 خواتین کے ’ریپ‘ کے الزامات

ان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے 17 سالہ لڑکی کو 2008 میں لاس اینجلس کے علاقے ووڈ لینڈس میں واقع اپنے گھر میں ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

اسی طرح اداکار پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ایک 19 سالہ لڑکی کو فوٹوشوٹ کے دوران جب کہ ایک 26 سالہ لڑکی کو نائٹ کلب میں ہونے والی پارٹی کے دوران ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

رون جیریمی پر مجموعی طور پر 7 نئے الزامات لگائے گئے، جس کے بعد ان پر لگائے گئے مجموعی الزامات کی تعداد 35 تک جا پہنچی۔

اداکار پر لگائے گئے الزامات کے مطابق انہوں نے 1996 سے لے کر 2020 تک مجموعی طور پر 15 سال سے 54 سال تک کی 23 خواتین کو 35 بار ’ریپ‘ اور ’جنسی استحصال‘ کا نشانہ بنایا۔

رون جیریمی کو رواں برس جون میں ’ریپ‘ الزامات میں گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم بعد ازاں انہیں 66 لاکھ امریکی ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

رون جیریمی کو فحش فلموں کا مقبول اداکارہ مانا جاتا ہے، انہوں نے 1970 سے لے کر گزشتہ دہائی تک 2 ہزار سے زائد فلموں اور کلپس میں پرفارمنس کر رکھی ہے۔

انہوں نے اب تک خود پر لگے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدالت میں اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کو غلط ثابت کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔

اگر ان پر جرم ثابت ہوگیا تو انہیں مجموعی طور پر 330 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

اگر اداکار پر الزام ثابت ہوگئے تو انہیں 330 سال سزا ہوگی—فائل فوٹو: دی بوسٹن گلوب
اگر اداکار پر الزام ثابت ہوگئے تو انہیں 330 سال سزا ہوگی—فائل فوٹو: دی بوسٹن گلوب

تبصرے (0) بند ہیں