اداکار نے مداحوں سے دعائوں کی اپیل بھی کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے مداحوں سے دعائوں کی اپیل بھی کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے تحت جہاں پاکستان بھر میں نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وہیں اداکار و ہدایت کار عثمان مختار بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔

عثمان مختار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مداحوں کو بتایا کہ ان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

اداکار نے 28 اکتوبر کی رات کو اپنی اسٹوری میں مداحوں کو بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، تاہم وہ اپنے مداحوں سے مثبت دعائوں کی امید رکھتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔

اداکار نے کورونا کی تشخیص کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ ان میں کورونا کی کتنی علامات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی 'دوسری لہر': ملک میں شاپنگ مالز، مارکیٹس 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

اداکار نے اس بات کی بھی کوئی وضاحت نہیں کی کہ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا یا پھر وہ ہسپتال منتقل ہوئے ہیں۔

اداکار نے انسٹاگرام اسٹوری میں کورونا سے متعلق بتایا—اسکرین شاٹ
اداکار نے انسٹاگرام اسٹوری میں کورونا سے متعلق بتایا—اسکرین شاٹ

عثمان مختار میں کورونا کی تشخیص ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کہ ملک بھر میں وبا کی دوسری لہر کے تحت زیادہ کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوئے ہیں۔

وزارت صحت نے 28 اکتوبر کو بتایا تھا کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 825 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 14 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں ریکارڈ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت نے 28 اکتوبر کی شب کو ہی نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا، جن کا اطلاق 29 اکتوبر سے ہوگیا۔

نئی پابندیوں کے تحت شاپنگ مالز، دکانیں اور مارکیٹس رات 10 بجے بند کردی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

دوسری لہر کے پیش نظر نافذ کی گئی پابندیوں کے مطابق ملک بھر میں تفریح گاہ اور پبلک پارکس بھی شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، مارکیٹس سمیت ان ڈور سرگرمیوں کے دوران ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

پاکستان میں 29 اکتوبر کی صبح تک مجموعی کورونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 108 تک جا پہنچی تھی، جس میں سے 3 لاکھ 12 ہزار 638 افراد صحت یاب جب کہ 6 ہزار 775 افراد فوت ہوچکے تھے۔

ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار کے قریب پہنچنے پر حکومت نے نئی پابندیاں لگائیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کیسز بڑھنے پر مزید سختیاں نافذ کی جائیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں