عرب ہارر سیریز کے ذریعے ’نیٹ فلیکس‘ کی مشرق وسطیٰ میں انٹری

اپ ڈیٹ 03 نومبر 2020
پیرانارمل نیٹ فلیکس کی پہلی عربی زبان کی ویب سیریز ہے—اسکرین شاٹ/ نیٹ فلیکس
پیرانارمل نیٹ فلیکس کی پہلی عربی زبان کی ویب سیریز ہے—اسکرین شاٹ/ نیٹ فلیکس

اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ کو یوں تو پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے تاہم مذکورہ ویب سائٹ کچھ خطوں کی مقامی زبانوں میں ہی فلمیں اور سیریز بناتی ہے۔

تاہم دنیا بھر کے تمام خطوں میں لوگوں کی جانب سے فلموں کو آن لائن دیکھنے اور ویب سیریز میں بڑھتی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے ’نیٹ فلیکس‘ اب اپنی پروڈکشن کو وسعت دے رہا ہے۔

’نیٹ فلیکس‘ کی جانب سے اس وقت تک انگریزی، ہندی، اسپینش، جرمنی، فرینچ اور جنوبی امریکی زبانوں سمیت ہندی میں بھی فلمیں اور ویب سیریز بنائی جا رہی ہیں۔

اور اب ’نیٹ فلیکس‘ نے پہلی عربی ہارر سیریز کے ذریعے مشرق وسطیٰ و عرب افریقی ممالک میں بھی انٹری دے دی۔

جی ہاں، ’نیٹ فلیکس‘ نے اپنی پہلی عرب اوریجنل ویب سیریز ’پیرا نارمل‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا، جسے رواں ہفتے ہی نیٹ فلیکس پر جاری کردیا جائے گا۔

پیرانارمل کو رواں ہفتے ہی ریلیز کردیا جائے گا—اسکرین شاٹ/ نیٹ فلیکس
پیرانارمل کو رواں ہفتے ہی ریلیز کردیا جائے گا—اسکرین شاٹ/ نیٹ فلیکس

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ’پیرا نارمل‘ نیٹ فلیکس کی پہلی اوریجنل عرب ویب سیریز ہے، جو مشہور عرب ناول سے ماخوذ ہے۔

’پیرا نارمل‘ کی کہانی ایک ایسے ڈاکٹر کے گرد گھومتی ہے جو منفرد طاقت حاصل کرنے کے خیال سے عجیب و غریب طبی و سائنسی تجربے کرتا ہے۔

’پیرا نارمل‘ کی کہانی مرکزی کردار رفاعت نامی ڈاکٹر کے گرد گھومتی ہے جو اچانک عجیب و غریب قسم کے تجربات کرکے کئی معصوم افراد کی زندگیاں داؤ پر لگا دیتا ہے۔

’پیرا نارمل‘ کی کہانی مصر کے معروف ناول نگار احمد خالد کے ناول سے لی گئی ہے جو عرب دنیا میں اتنا مشہور ہوا کہ اس کی ڈیڑھ کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں۔

مذکورہ ناول کو پڑھ کر جوان ہونے والے فلم پروڈیوسرز نے ہی ہارر ناول پر پہلی عرب سیریز بنا کر نیٹ فلیکس کی عرب دنیا میں انٹری کو یقینی بنایا۔

نیٹ فلیکس کا کہنا تھا کہ وہ عرب مواد کی تیاری میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرکے مشرق وسطیٰ و افریقی عرب ممالک میں اپنی جگہ بنانا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ نیٹ فلیکس کی تاحال کوئی اوریجنل ویب سیریز یا فلم سامنے نہیں آئی، البتہ مذکورہ ویب سائٹ پر پاکستانی فلمیں اور ڈرامیں بھی موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں