گلگت انتخابات میں اپوزیشن کا دھاندلی کا رونا ہار سے بچنے کیلئے ہے، شبلی فراز

14 نومبر 2020
شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن ہر معاملے پر جھوٹ بول رہی ہے، ان کے بیانیے روز تبدیل ہو رہے ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی
شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن ہر معاملے پر جھوٹ بول رہی ہے، ان کے بیانیے روز تبدیل ہو رہے ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں اپوزیشن کا دھاندلی کا رونا ہار سے بچنے کے لیے ہے جبکہ اپوزیشن صرف ایسے انتخابات کو درست مانتی ہے جو وہ جیت رہی ہو۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ سب سے پہلے گلگت کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس طرح انہوں نے انتخابی مہم کو چلایا اور مہم میں حصہ لیا اور وہاں پر امن و امان کی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جس کا حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا، گلگت بلتستان کے عوام نے تحریک انصاف کو بہت پذیرائی دی ہے اور پی ٹی آئی قیادت کا والہانہ استقبال اس بات کی گواہی ہے کہ عوام نے الیکشن سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت کے عوام نے پی ٹی آئی کے جلسوں میں تاریخی شرکت کی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ علاقے کے مسائل کے حل کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: 'گلگت بلتستان کے عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں'

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے گٹھ جوڑ نے وہاں پر جن مسائل کا ذکر کیا اور ساتھ ساتھ اس بات کو تسلیم کیا کہ ماضی کی حکومتوں نے گزشتہ 10 سال میں علاقے کے مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا، تو کیا وجہ ہے کہ جس طرح کا ماحول بنایا جارہا ہے کہ اپوزیشن کی تقاریر اور بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دیں گے اور ان کا دھاندلی کا رونا ہار سے بچنے کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا، گلگت بلتستان انتخابات کی بھرپور کوریج کرے اور صورتحال پر نظر رکھے اور کوریج کے لیے وہاں پر پولنگ اسٹیشنز پر بھی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایسی جماعت ہے جس نے صاف و شفاف انتخابات کے لیے جدوجہد کی ہے، ہمارا یہی ایجنڈا تھا کہ انتخابات صاف اور شفاف ہونے چاہئیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ ان لوگوں کا عجیب رویہ ہے کہ جس الیکشن میں اپوزیشن کامیاب ہو وہ درست ورنہ سارا عمل غلط، اسی طرح اگر جج بھی ان کے حق میں فیصلہ دیں تو وہ صحیح ورنہ غلط۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے ریکارڈ پر یہ اعتبار نہیں کر رہے ہیں، کچھ موروثی رہنما ہیں جن کی سوچ میں تضاد ہے، یہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں، ان کی سوچ جمہوری نہیں جبکہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھے مسلم لیگ (ن) منتخب حکومت کے خاتمے کے لیے غیر آئینی طریقہ اپنا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت-بلتستان کی عدالت نے وزرا، ایم این ایز کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیا

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہر معاملے پر جھوٹ بول رہی ہے، ان کے بیانیے روز تبدیل ہو رہے ہیں، یہ لوگ اقتدار کو عوام کی بھلائی کے لیے نہیں اپنی کرپشن بچانے اور دولت بڑھانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ملک میں مہنگائی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی عارضی چیز ہے، اشیا کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، حکومت پٹرول کی قیمت کم کرنے جارہی ہے جبکہ کورونا کی صورتحال نہ ہوتی تو معاشی صورتحال مزید بہتر ہوتی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں