پہلی مرتبہ سوڈان آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2020
سوڈان کی جانب سے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کی جانے والی پہلی فلم کا انتخاب کرلیا گیا ہے— فوٹو: انسٹاگرام
سوڈان کی جانب سے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کی جانے والی پہلی فلم کا انتخاب کرلیا گیا ہے— فوٹو: انسٹاگرام

افریقی ملک سوڈان تاریخ میں پہلی مرتبہ فلمی دنیا کے سب سے متعبر اور اعلیٰ فلمی ایوارڈ آسکر کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔

اس ضمن میں سوڈان کی جانب سے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کی جانے والی پہلی فلم کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق آسکر کے لیے سوڈانی فلمساز امجد ابو کی ایوارڈ یافتہ فیچر فلم 'یو ول ڈائی ایٹ 20' کو سوڈان کی بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے بطورِ سرکاری نامزدگی پیش کیا گیا۔

اس حوالے سے فلم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پوسٹ میں کہا گیا کہ 'ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت فخر محسوس ہورہا ہے کہ سوڈان، امجد ابو کی ایوارڈ یافتہ فیچر فلم 'یو ول ڈائی ایٹ 20' کے انتخاب کے ساتھ اکیڈمی ایوارڈز کی دوڑ میں داخل ہوگیا ہے'۔

مزید پڑھیں: کورونا کے باعث 'آسکر' ایوارڈز تقریب 2 ماہ تک مؤخر

پوسٹ میں کہا گیا کہ اس فلم کو 2021 کے اکیڈمی ایوارڈز کے لیے ملک کی پہلی بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

مزید کہا گہا کہ یہ سوڈانی سنیما کی تاریخ کی صرف آٹھویں فیچر فلم ہے، جو ملک کے ثقافتی منظرنامے کے ایک اہم لمحہ کی نشاندہی کرتی ہے اور مقامی فلمسازوں کے لیے ایک نئی لہر کے دروازے کھول رہی ہے تاکہ وہ اندرون و بیرون ملک شائقین تک اپنی کہانیاں، آوازیں اور خیالات پہنچائیں۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پیدا ہونے والے ڈائریکٹر امجد ابو نے ماضی میں عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ہم یہ فلم بناتے وقت جانتے تھے کہ یہ ایک بڑا پروجیکٹ ہے'۔

— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت اہم پروڈیوسرز سے ملاقات کی تھی اور ہر شخص ہمیشہ آئیڈیا اور فلم سے متعلق پرجوش رہتا تھا اس لیے ہمیں کامیابی کی توقع تھی لیکن یہ کامیابی ہماری توقع سے کہیں زیادہ تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'آسکر' اکیڈمی کا فلم نامزدگی کے لیے پہلی بار بڑی تبدیلی کا اعلان

فیچر فلم 'یو ول ڈائی ایٹ 20' کا پریمیئر 2019 میں وینس فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اس فلم نے لائن آف دی فیوچر ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

اس فلم کو ایلگونا فلم فیسٹیول میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا جہاں اس نے بیسٹ نیریٹو فیچر کے لیے گولڈن اسٹار حاصل کیا تھا۔

—فائل فوٹو: اے پی
—فائل فوٹو: اے پی

خیال رہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے نامزدگیوں کے بعد اکیڈمی ایوارڈز کی موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز اکیڈمی ایوارڈز کی تمام کیٹیگریز کے لیے حتمی نامزدگیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور بعدازاں حتمی نامزدگیوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے جبکہ ایوارڈز عموماً ہرسال فروری میں منعقد ہوتے ہیں۔

تاہم رواں برس جون میں 'آسکر' دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے کورونا کی وبا کے باعث 'آسکر' ایوارڈز کی تقریب کو 2 ماہ کے لیے مؤخر کردیا تھا۔

اس سے قبل بھی کم از کم 3 مواقع پر آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی یا منسوخ کی جا چکی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی کیے جانے کا امکان

آسکر اکیڈمی اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک انتظامیہ نے تصدیق کی تھی کہ اب ایوارڈز کی تقریب اپریل 2021 میں ہوگی۔

93 ویں 'آسکر' ایوارڈز کی تقریب فروری کے آخر میں منعقد ہونا تھی تاہم اب اسے 25 اپریل 2021 کو منعقد کیا جائے گا، نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گا جب کہ اکیڈمی 15 اپریل تک نامزد ہونے والی فلموں کی حتمی فہرست جاری کردے گی۔

فلموں کی نامزدگی کی فہرست جاری کرنے کے بعد 25 اپریل کو لاس اینجلس میں 93 ویں ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوگی، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ایوارڈز تقریب ہر سال کی طرح ہی ہوگی یا اسے کورونا کے پیش نظر محدود یا مختصر کیا جائے گا۔

—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں