وزیراعظم کی خواہش پر پی ٹی وی کا ایک اور ترک ڈراما نشر کرنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 20 نومبر 2020
وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر اس ترک ڈرامے کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے جلد پیش کیا جائے گا— فوٹو: ٹی آر ٹی
وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر اس ترک ڈرامے کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے جلد پیش کیا جائے گا— فوٹو: ٹی آر ٹی

ترکی کے ڈرامے'دیریلیش ارطغرل' کو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو ترجمہ کرکے ’ارطغرل غازی’ کے نام سے نشر کیا جارہا ہے جس نے پاکستانی عوام میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے۔

اسلامی فتوحات پر مبنی ڈرامے 'دیریلیش ارطغرل' کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی پر نشر کیا گیا اور ان دنوں اس ڈرامے کا دوسرا سیزن نشر کیا جارہا ہے۔

اب وزیراعظم عمران خان ہی کی خواہش پر پی ٹی وی پر ایک اور ترک ڈرامے 'یونس امرے' کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے نشر کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’دیریلیش ارطغرل‘ کے بعد وزیر اعظم ایک اور ڈرامے کو نشر کروانے کے خواہاں

اس حوالے سے پی ٹی وی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'یونس امرے' کو 'راہِ عشق' کے نام سے پی ٹی وی ہوم پر جلد نشر کیا جائے گا۔

— فوٹو: ٹی آر ٹی
— فوٹو: ٹی آر ٹی

اس کے ساتھ ہی ٹوئٹ میں پی ٹی وی کی جانب سے ڈرامے کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا۔

تاہم یہ ڈراما پی ٹی وی پر کب سے نشر کیا جائے گا اس حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے انکشاف کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ 'یونس امرے' کو بھی پاکستان میں نشر کیا جائے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی دلی خواہش ہے کہ اسلامی تاریخ کی اہم شخصیت کی زندگی پر بنائے گئے ڈرامے 'یونس امرے'کو بھی پاکستان میں نشر کیا جائے تاکہ عوام اپنی تاریخ سے واقف ہوں۔

— فوٹو: ٹی آر ٹی
— فوٹو: ٹی آر ٹی

'یونس امرے' ڈرامے کو ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ون نے بنایا تھا اور اس ڈرامے کا پہلا سیزن 2015 میں جب کہ دوسرا سیزن 2016 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 41 اقساط تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی ڈراما ’دیریلیش ارطغرل‘ پی ٹی وی پر نشر ہوگا

مذکورہ ڈرامے کو بھی ترکی کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک اور خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ میں کافی پسند کیا گیا جب کہ اسی ڈرامے کو پروڈکشن ہاؤس (ٹیلی وستان) اردو سب ٹائیٹلز کے ساتھ آن لائن ریلیز کر چکا ہے۔

'یونس امرے' ڈراما دراصل 13 ویں صدی کے ترک صوفی شاعر یونس امرے کی زندگی پر بنایا گیا ہے۔

یونس امرے سلطنت عثمانیہ سے 200 سال قبل پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اناطولیہ زبان، ادب و ثقافت پر گہرے اثرات چھوڑے، وہ عربی، فارسی و ترک زبان پر عبور رکھنے والے ایک شاعر کے گھر میں پیدا ہوئے، اس لیے ان کی شخصیت میں شاعری و ادب بچپن سے ہی رچا بسا تھا۔

یونس امرے کو ترکوں کے صوفی شاعر اور اہم ادبی اوائلی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے اور ترک کی نئی نسل بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔

انہی کی زندگی اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے محمد بوزداغ نے ان کی زندگی پر 'یونس امرے' نامی ڈراما بنایا جو دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگیا۔

تبصرے (0) بند ہیں