ناجائز حکمران بذات خود بڑا کورونا ہیں، فضل الرحمٰن

اپ ڈیٹ 21 نومبر 2020
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے واضح کیا کہ عوام کے ووٹ چوری کرنے والوں کو آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے — فوٹو: ڈان  نیوز
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے واضح کیا کہ عوام کے ووٹ چوری کرنے والوں کو آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے — فوٹو: ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکمرانوں کو ’کورونا‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز حکمران بذات خود بڑا کورونا ہے اور جب حکومت کو کوئی دوسرا بہانہ نہیں ملا تو کہہ دیا کہ کورونا وبا کا خطرہ ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کل پشاور کا تاریخی جلسہ ہوگا جبکہ حکومت مخالف اپوزیشن تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: پی ڈی ایم اراکین لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں، عمران خان

پی ڈی ایم کے صدر نے کہا کہ ’ہم کورونا 19 کے ساتھ کورونا 18 کی بھی بات کرتے ہیں‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ووٹ چوری کرنے والوں کو آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جھنڈے کے نیچے ملک میں ناجائز اور ناخلف حکومت کے خلاف تحریک جوبن پر ہے اور جو امانت قوم سے چھینی گئی وہ واپس لینی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اسٹیٹ بینک کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا کہ مرکزی بینک نے بتایا کہ 1992 کے بعد سے پہلی مرتبہ پاکستان کا شرح نمو 0.4 فیصد پر پہنچ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم نے کورونا وبا کے دوران جلسے منسوخ کرنے کی حکومتی ’تاکید‘ مسترد کردی

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو لاڑکانہ اور 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کریں گے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ معاشی بحران بھی ریاست کے خاتمے کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ادارے جو ملک کے دفاع کے ضامن ہیں اور اس ناجائز اور نااہل حکومت کی پشت پناہی کرتے ہیں، وہ ریاست کی بقا کا حق ادا نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس تناظر میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ آپ ریاست کی بقا کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام، فوج، سول بیوروکریسی، اسٹیبلشمنٹ کو ایک پیج پر لڑنا چاہیے، یہ تقسیم عجیب ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور ہم اس نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے جارہے ہیں، اس سے بڑی نااہلی کی مثال اور کیا ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: پشاور انتظامیہ کا پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اب ہمیں پاکستان کے ٹرمپ کو بھی باہر نکالنا ہے پھر بھارت کا ٹرمپ رہ جائے گا، وہ ادھر کے عوام جانیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہے۔

خیال رہے کہ پشاور کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے باعث پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے انفارمیشن سیکریٹری جلیل جان نے 22 نومبر کو دلازک روڈ پر جلسے کی اجازت مانگی تھی۔

تاہم ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پشاور کے دفتر سے جاری خط میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس میں مسسلسل اضافہ ہورہا ہے اور پشاور میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 13 فیصد سے زائد ہوگئی ہے جبکہ عوامی اجتماع کے باعث کورونا مزید پھیل سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں