پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کا تناسب سندھ سے زیادہ

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2020
پنجاب میں اموات سب سے زیادہ ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
پنجاب میں اموات سب سے زیادہ ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

لاہور: وفاقی حکومت کے کووڈ 19 کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب نے وائرس سے ہوئی 2 ہزار 826 اموات کی سب سے زیادہ تعداد کے ساتھ ہی سندھ اور دیگر صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے ہوئی اموات میں پنجاب کا پہلا نمبر قومی اعداد و شمار میں صوبے کی 292 ’غیر مرتب شدہ اموات‘ کو شامل کرنے کے بعد ہوا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت وفاقی حکومت کی جانب سے حکومت پنجاب کے کیے گئے آڈٹ کی روشنی میں اپنے قومی ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد سامنے آئی۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا

حکومت پنجاب کی جانب سے آڈٹ میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ صوبے بھر کووڈ سے ہوئی 292 اموات ایسی تھیں جو مارچ سے وسط نومبر کے درمیان مختلف وجوہات کے باعث رپورٹ نہیں ہوئیں۔

پنجاب کی جانب سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ ان 292 اموات کو شامل کرکے قومی ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرے۔

علاوہ ازیں ہفتے کو حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس سے ہوئی اموات کا ایک تقابلی جائزہ پیش کیا گیا، جس سے ظاہر ہوا کہ صوبہ اب کووڈ 19 سے ہوئی اموات میں پہلے نمبر پر ہے۔

ملک بھر کی کووڈ 19 کے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے آغاز سے ہی اس وبا سے ہونے والی اموات میں سندھ مستقبل طور پر سب سے آگے تھا، جس کے بعد پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان آتے تھے۔

جمعرات کے سرکاری تقابلی جائزے کے مطابق سندھ میں 2 ہزار 760 اموات تھیں، جس کے بعد پنجاب میں 241 اموات کے فرق کے ساتھ 2 ہزار 519، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 318، بلوچستان میں 156 جبکہ اسلام آباد میں 263، آزاد جموں کشمیر میں 131 اور گلگت بلتستان میں 93 اموات تھیں۔

تاہم این سی او سی کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ کورونا وائرس کے کیسز کے حساب سے اب بھی پہلے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا خطرہ، پنجاب کے 36 اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

ہفتے کو آنے والے قومی اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 752 تھی، جس کے بعد پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، خیبرپختونخوا میں 43 ہزار 359، اسلام آباد میں 25 ہزار 719، آزاد کشمیر میں 5 ہزار 806 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 494 مصدقہ کیسز تھے۔

دوسری جانب کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ پنجاب کے ماہرین صحت و میڈیکل نے خبردار کیا تھا کہ صوبے میں وائرس کی دوسری لہر کے دوران ہر گزرتے دن کے ساتھ اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ صوبے میں یومیہ اوسطاً 15 مریض وائرس کی وجہ سے انتقال کر رہے ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس میں سانس لینے میں دشواری کی شکایات کے ساتھ مریضوں کی بڑی تعداد داخل ہونا شروع ہونے کے بعد اموات بڑھ سکتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں