زائرہ وسیم کی مداحوں سے سوشل میڈیا سے اپنی تصاویر ہٹانے کی اپیل

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2020
زائرہ وسیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پوسٹ میں یہ درخواست کی— اے ایف پی فائل فوٹو
زائرہ وسیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پوسٹ میں یہ درخواست کی— اے ایف پی فائل فوٹو

2016 میں عامر خان کی سپرہٹ فلم 'دنگل' سے بولی وڈ میں مشہور ہونے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی صنعت کو خیرباد کہنے کے ایک برس بعد مداحوں سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ان کی تصاویر ہٹانے اور انہیں شیئر نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

گزشتہ برس مذہب کی خاطر اداکاری چھوڑنے والی زائرہ وسیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پوسٹ میں یہ درخواست کی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ یہ پیغام میں نے گزشتہ برس اپنے مداحوں سے شیئر کیا تھا، اگر آپ نے نہیں پڑھا تو اسے دوبارہ پڑھ لیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ میں مداحوں کی محبت پر ان کی مشکور ہوں، آپ میری قوت کا ذریعہ بنے، ہر چیز میں میرا ساتھ دینے کے لیے موجود رہنے پر آپ لوگوں کا بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔

مزید پڑھیں: مذہب کی خاطر اداکاری چھوڑنے والی زائرہ وسیم کی آخری فلم ریلیز

انہوں نے مزید کہا میں درخواست کرتی ہوں کہ اپنے اکاؤنٹس سے میری تصاویر ہٹادیں اور انہوں نے دیگر فین پیجز سے بھی یہی کہا۔

تاہم زائرہ وسیم نے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ انٹرنیٹ سے ان کی تمام تصاویر ہٹانا ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بالکل ناممکن ہے کہ انٹرنیٹ سے تصاویر کو ہٹایا جائے لیکن میں کم از کم آپ کے پیجز سے یہ درخواست کرسکتی ہوں کہ انہیں شیئر نہ کریں۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

زائرہ وسیم نے کہا کہ میں اُمید کرتی ہوں کہ آپ اس سلسلے میں میری مدد اور سپورٹ کریں گے جس طرح پہلے ہر معاملے میں میرا ساتھ دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس زائرہ وسیم نے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے کیرئیر کا انتخاب ان کے مذہبی عقائد پر اثرانداز ہورہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'اداکاری سے ایمان متاثر ہورہا تھا تو میں بولی وڈ چھوڑ رہی ہوں'

انہوں نے لکھا تھا کہ 'میرے بولی وڈ میں 5 برس مکمل ہوگئے ہیں اور اس موقع پر میں اعتراف کرنا چاہتی ہوں کہ میں اپنے کام سے ملنے والی شناخت پر خوش نہیں، طویل عرصے سے مجھے لگ رہا تھا کہ میں کوئی اور شخصیت بننے کی جدوجہد کررہی ہوں، میں نے اب ان چیزوں کو کھوجنا اور محسوس کرنا شروع کیا ہے جن کے لیے میں اپنا وقت، کوششیں اور جذبات مختص کرنا چاہتی ہوں اور ایک نئے طرز زندگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہی ہوں'۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

زائرہ وسیم کافی عرصے قبل اسکرین پر سیکرٹ سپراسٹار میں نظر آئی تھیں۔

بعدازاں ان کی ایک اور فلم 'دی اسکائی از پنک' اکتوبر 2019 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں وہ پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا جو ایک مہلک مرض کا شکار ہوتی ہے۔

یہ ان کی تیسری اور آخری فلم تھی اور اس کی ریلیز سے قبل ہی زائرہ وسیم بولی وڈ چھوڑنے کا اعلان کرچکی تھیں اور انہوں نے اس کی تشہیر میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں