بھارتی اداکارہ دیویا بھٹناگر کی کورونا وائرس سے موت

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2020
اداکارہ کے بھائی کے مطابق وہ26 نومبر کو ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں— فوٹو:انسٹاگرام
اداکارہ کے بھائی کے مطابق وہ26 نومبر کو ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں— فوٹو:انسٹاگرام

بھارتی ڈراموں میں اداکاری کرنے والی اداکارہ دیویا بھٹناگر کورونا وائرس اور نمونیا کی تشخیص کے بعد ممبئی میں جان کی بازی ہار گئیں۔

34 سالہ دیویا بھٹناگر کو گزشتہ ہفتے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا اور ان کے اہلخانہ نے بتایا تھا کہ اداکارہ کی حالت تشویشناک تھی۔

اداکارہ کے اہلخانہ نے طبی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے انہیں دوسرے ہسپتال منتقل کیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار سنی دیول بھی کورونا کا شکار

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نومبر کے اواخر میں دویا بھٹناگر نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو کالز کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا کہ 'ہائے، میری انسٹاگرام فیملی، میری جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں، میں آپ سب سے محبت کرتی ہوں'۔

ان کے دوست یووراج رگھوونشی نے اسپاٹ بوائے کو بتایا تھا کہ 'دیویا کی موت رات کو 3 بجے ہوئی'۔

— فوٹو:فیس بک
— فوٹو:فیس بک

انہوں نے کہا کہ دیویا بھٹناگر کو سیون ہلز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، 2 بجے سے انہیں سانس لینے میں مشکل پیش آرہی تھی اور 3 بجے ڈاکٹر نے اداکارہ کو مردہ قرار دے دیا تھا۔

یووراج رگھوونشی نے ان کی موت کو خود سمیت اہلخانہ کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا۔

دویا بھٹناگر کے بھائی نے یکم دسمبر کو ٹائمز اف انڈیا کو بتایا تھا کہ 'ہم نے دیویا کو دوسرے ہسپتال منتقل کردیا ہے'۔

انہوں نے کہا تھا کہ دیویا 26 نومبر کو ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں اور 28 نومبر کو ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

اداکارہ کے بھائی کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی نمونیا کا شکار تھیں جو بعدازاں کورونا وائرس کی وجہ سے بگڑگیا۔

— فوٹو:انسٹاگرام
— فوٹو:انسٹاگرام

انہوں نے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر وہ نان انویسو وینٹیلیشن پر تھیں لیکن دوسرے ہسپتال منتقل ہونے کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

دیویا کے بھائی نے کہا تھا کہ 'ہم چاہتے ہیں کہ وہ نمونیا سے صحتیاب ہوجائیں، جو پھیل چکا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا خوف، سلمان خان اہل خانہ سمیت قرنطینہ میں چلے گئے

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ دیویا بھٹنا گر کامیڈی شو تیرا یار ہوں کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ طبعیت بگڑنے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

انہوں نے 'یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے'، 'سنسکار'، 'اڑان'، 'جیت گئی تو پیا مورے'، 'وش' اور 'سنوارے سب کو پریتو' سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کی تھی۔

اداکارہ کے کئی ساتھیوں نے ان کی موت پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔

شلپا شیرودکر نے لکھا کہ میں بہت زیادہ دلبرداشتہ ہوں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ایک اور ٹی وی اداکارہ دیوولینا بھٹاچرجی نے ایک طویل جذباتی نوٹ لکھا کہ 'میں تمہیں بہت یاد کروں گی، تم بہت جلد چلی گئیں'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

بھارت اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، 7 دسمبر تک بھارت میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 96 لاکھ 77 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرچکی تھیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار آفتاب شیوداسانی کورونا وائرس سے صحتیاب

بھارت کی متعدد شخصیات کورونا میں مبتلا ہوچکی ہیں تاہم اکثر شخصیات ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران صحت یاب ہو گئیں۔

عالمی وبا سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے، جینیلیا ڈی سوزا اور کرن کمار، آفتاب شیوداسانی سمیت دیگر شامل ہیں۔

نومبر میں سلمان خان اور ان کے والدین سمیت دیگر اہل خانہ نے ملازمین میں کورونا کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا تھا اور سپراسٹار کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں