سام سنگ اسٹور نے ہی گلیکسی ایس 21 کی تاریخ رونمائی لیک کردی

10 دسمبر 2020
ایس 21 ایسا ہوسکتا ہے — فوٹو بشکریہ آن لیکس
ایس 21 ایسا ہوسکتا ہے — فوٹو بشکریہ آن لیکس

ایسی رپورٹس اور افواہیں تو مسلسل سامنے آرہی تھیں کہ سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 21 آئندہ ماہ متعارف کرایا جارہا ہے، مگر اب کمپنی نے خود ہی اس بارے میں تفصیلات لیک کردیں۔

اینڈرایڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں سام سنگ اسٹور نے ہی یہ تفصیلات لیک کی ہیں کہ گلیکسی ایس 21 سیریز کے فونز عالمی سطح پر 14 جنوری کو متعارف کرائے جائیں گے اور 29 جنوری کو دستیاب ہوں گے۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں اینڈرائیڈ پولیس نے بھی اپنی رپورٹس میں ان تاریخوں کے بارے میں بتایا تھا۔

اگر یہ درست ثابت ہوا تو یہ سام سنگ کی کی حکمت عملی میں برسوں بعد نمایاں تبدیلی ہوگی۔

جنوبی کورین کمپنی عموماً ایس سیریز کے فونز فروری میں بارسلونا میں ہونے والے موبائل ورلڈ کانگریس ایونٹ سے متعارف ہوتے ہیں، مگر آئندہ سال یہ ایونٹ جون میں ہوگا۔

تو اس کو مدنظر رکھتے ہوئے سام سنگ نے لاس ویگاس میں 11 سے 14 جنوری کو شیڈول ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی نمائش سی ای ایس میں فلیگ شپ فونز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپوورٹ کے مطابق سام سنگ کے بنگلورو میں واقع اسٹور میں گلیکسی ایس 21 سیریز کے پری آرڈر سسٹم کو متعارف بھی کرایا جاچکا ہے۔

صارفین 2 ہزار بھارتی روپے میں فون بک کراسکتے ہیں اور فون متعارف ہونے کے بعد سیریز کی کسی بھی ڈیوائس کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ابھی فونز کی قیمت کا اعلان نہیں ہوا۔

ایس 21 گرے، پنک، پرپل اور وائٹ رنگوں میں دستیاب ہوگا جبکہ ایس 21 پلس پنک، پرپل، سلور اور بلیک میں مل سکے گا۔

ان تینوں فونز میں سام سنگ کا ایکسینوس 2100 پراسیسر دیا جائے گا تاہم کچھ مارکیٹوں میں اسنیپ ڈراگون 875 پراسیسر والے ماڈلز دستیاب ہوں گے۔

سام سنگ اسٹور کے نمائندوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ ایس 21 الٹرا میں 108 میگا پکسل مین کیمرا دیا جائے گا جس کے ساتھ 2 دس، 10 میگا پکسل سنسر ہوں گے، جن میں سے ایک 10 ایکس آپٹیکل زوم دیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں