پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوٹیوب، جی میل سمیت گوگل سروسز بند ہونے کے بعد بحال

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2020
صارفین گوگل کی سروسز تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے تھے— فائل فوٹو: کریٹیو کامنز
صارفین گوگل کی سروسز تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے تھے— فائل فوٹو: کریٹیو کامنز

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوٹیوب، جی میل، گوگل اسسسٹنٹ اور گوگل ڈاکس سمیت انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی متعدد سروسز اچانک بند ہونے کے بعد بحال ہوگئی ہیں۔

گوگل کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی کی سروسز لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد اکثر صارفین کے لیے بحال ہوگئیں۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ٹیم یوٹیوب نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ میں بتایا کہ سروس بحال ہوگئی ہے۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ آپ معمول کی طرح یوٹیوب اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ گوگل ایپس کی سروس متاثر ہونا غیر معمولی نہیں ہے لیکن آج (بروز پیر) گوگل کی تمام معروف سروسز تک رسائی بند ہوگئی تھیں۔

متاثر ہونے والی سروسز میں جی میل اور یوٹیوب کے علاوہ گوگل ہینگ آؤٹس، گوگل چیٹس اور گوگل میٹ بھی شامل تھیں جن کے استعمال میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دی ورج کی رپورٹ کے مطابق ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے عندیہ دیا تھا کہ گوگل کے کاروبار اور پرسنل سروسز کو متاثر کرنے والی بندش جی میل میں ایسٹرن ٹائم(ای ٹی) کے مطابق صبح 6 بج کر 40 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے) کے قریب شروع ہوئی تھی۔

تاہم گوگل کی جانب سے ابتدائی طور پر اس مسئلے پر باضابطہ پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا بعدازاں گوگل کے سروسز پیج نے کہا تھا کہ ان کی تمام سروسز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

دوسری جانب ٹوئٹر پر رپورٹس تھیں کہ صارفین جی میل کے علاوہ گوگل کی بنیادی سروسز تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے اور اس حوالے سے #YouTubeDOWN کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کررہا ہے۔

اس دوران یوٹیوب کے ہوم پیج پر ایک کارٹون دکھائی دے رہا تھا جس پر 'سم تھینگ وینٹ رانگ' جبکہ یوٹیوب ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو مختلف ایررز کا سامنا تھا۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

علاوہ ازیں پاکستان میں بھی یوٹیوب، جی میل سمیت گوگل سروسز متاثر ہونے کے بعد اس حوالے سے مختلف ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کررہے تھے۔

یوٹیوب صارفین کے علاوہ وہ کمپنیاں جو گوگل ورک پلیس پر انحصار کرتی ہیں ان کے صارفین کے مطابق گوگل اسسٹنٹ سے مربوط اسمارٹ ہوم گیجٹس کے استعمال میں بھی مشکلات پیش آئیں

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق تقریباً ایک لاکھ سے زائد صارفین نے ٰیوٹیوب تک رسائی میں مشکلات کا اظہار کیا تھا لیکن یوٹیوب کی سروسز انکوگنیٹو براؤزر پر سائن ان کیے بغیر فعال تھیں۔

علاوہ ازیں ٹیم یوٹیوب نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وہ ان مسائل سے آگاہ ہیں۔

علاوہ ازیں گوگل کی بیک اینڈ سروسز پر انحصار کرنے والی تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز اور سروسز بھی بظاہر متاثر ہوئیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے رپورٹ کیا ہے کہ پوکیمون گو گیم تک بھی رسائی میں مشکلات سامنا ہے۔

تاہم متعدد گوگل سروسز متاثر ہونے کے باوجود، گوگل کا بنیادی سرچ پروڈکٹ فعال رہا اور تھرڈ پارٹی اشتہارات بھی چل رہے تھے ۔

خیال رہے کہ پوری دنیا میں بظاہر گوگل سروسز متاثر ہیں، دی ورج کی رپورٹ کے مطابق انہیں امریکا، برطانیہ، نیدرلینڈ اور جاپان میں سرچ انجن کی تمام سروسز بند ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

دوسری جانب ڈاؤن ڈیٹیکٹر کا کہنا تھا کہ گوگل سروسز متاثر ہونے کی اطلاعات دنیا بھر سے آرہی ہیں۔

اس موقع پر صارفین نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا کرسبین جوزف میتھیو نامی صارف نے لکھا تھا کہ وہ دن بھی آگیا جب ہم گوگل تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے، گوگل کے ساتھ کیا ہوا۔

انہوں نے لکھا تھا کہ یہ 2020 ہے، اس سال کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے۔

انوراگ نامی صارف نے لکھا تھا کہ جی میل ٹھیک کام نہیں کررہی۔

تبصرے (0) بند ہیں