بھارتی گلوکار دلیر مہندی بھی کوک اسٹوڈیو کے 'گَل سن' کے معترف

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2020
دلیر مہندی نے مداحوں سے کہا کہ وہ بھی کوک اسٹوڈیو میں علی پرویز مہدی کا گانا 'گل سن' سنیں—فوٹو: انسٹاگرام
دلیر مہندی نے مداحوں سے کہا کہ وہ بھی کوک اسٹوڈیو میں علی پرویز مہدی کا گانا 'گل سن' سنیں—فوٹو: انسٹاگرام

کوک اسٹوڈیو 2020 کی پہلی قسط نے ہی بہت زیادہ پذیرائی حاصل کی تھی اور 11 دسمبر کو دوسری قسط میں بھی 3 گانے پیش کیے گئے تھے جنہیں بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا۔

رواں برس کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط گزشتہ ہفتے 3 دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی، کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن کا آغاز خواتین کے ترانے 'نہ ٹٹیا وے' سے کیا گیا تھا جس میں میشا شفیع کی گلوکاری کو سب سے زیادہ سراہا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط میں 3 گانے جاری کیے گئے تھے جن میں مہدی ملوف کا 'دل کھڑکی' اور فریحہ پرویز اور علی نور کا 'جاگ رہی' پیش کیا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو کی دوسری قسط میں بھی 3 گانے ریلیز کیے گئے ہیں اور ان تینوں کو صارفین کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: اس سال کوک اسٹوڈیو کا 13 واں نہیں بلکہ اسپیشل سیزن ریلیز ہوگا، روحیل حیات

دوسری قسط میں استاد راحت فتح علی اور زارا مدنی کا 'دل تڑپے'، گلوکارہ وجیہہ نقوی کا 'یقین' اور گلوکارہ میشا شفیع اور علی پرویز مہدی کا 'گَل سن' پیش کیا گیا۔

پہلی قسط میں 'نہ ٹٹیا وے میں' میشا شفیع نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا اور اس کے بعد 'گَل سن' میں علی پرویز مہدی اور میشا شفیع کی گلوکاری کو بہت زیادہ پسند کیا گیا۔

یہی نہیں بلکہ سرحد پار سے بھی کوک اسٹوڈیو کے گانے 'گَل سن' کو پذیرائی اور بھارت کے معروف گلوکار دلیرمہندی نے اسے سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع کی 4 سال بعد کوک اسٹوڈیو میں واپسی

حال ہی میں گلوکار دلیر مہندی کی جانب سے گلوکار علی پرویز مہندی اور میشا شفیع کے گانے 'گَل سن' کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔

دلیر مہندی کی یہ ویڈیو علی پرویز مہدی کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹس انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر جاری کی گئی جس میں بھارتی گلوکار نے ان کے گانے کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ 'آج مجھے بہت خوشی ہوئی میں نے پرویز مہدی صاحب کے بڑے صاحبزادے، علی پرویز مہدی کا گانا سنا، انہوں نے کوک اسٹوڈیو میں بہترین ٹریک گایا ہے'۔

دلیر مہدی نے مزید کہا کہ 'میشا شفیع نے بھی گَل سن گَل سن ڈھولا بہت کمال گایا ہے'۔

بھارتی گلوکار کا کہنا تھا کہ 'مجھے بہت سالوں سے انتظار تھا کہ کوئی ایسا دن آئے کہ علی پرویز مہدی کا گانا آئے، لوگوں تک ان کی آواز پہنچے اور وہ ہٹ ہو'۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے، مجھ سمیت استاد پرویز مہدی کے جتنے بھی چاہنے والے لوگ ہیں ہم سب کو بہت خوشی ہوئی ہے۔

دلیر مہندی نے کہا کہ کاش پرویز صاحب ہوتے، علی پرویز کے دادا جی ہوتے تو انہیں بہت خوشی ہوتی۔

مزید پڑھیں: کوک اسٹوڈیو کی دوسری قسط ریلیز، راحت فتح علی کا 'دل تڑپے' چھاگیا

انہوں نے مداحوں سے کہا کہ وہ بھی کوک اسٹوڈیو میں علی پرویز مہدی کا گانا 'گَل سن' سنیں۔

گلوکار علی پرویز مہدی نے دلیر مہندی کا یہ ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے ان کا گانا پسند کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ دلیر مہندی پا جی! یہ ایک اعزاز ہے، آپ ہماری فیملی جیسے ہیں، آپ کی محبت اور تعاون کو جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

دوسری جانب گلوکارہ میشا شفیع نے بھی کوک اسٹوڈیو کے گانے کو اتنی پذیرائی ملنے پر دلیر مہندی کا شکریہ ادا کیا۔

اپنی ٹوئٹ میں میشا شفیع نے کہا کہ 'گَل سن' کے لیے لیجنڈری دلیر مہندی سے داد حاصل کرنا ایک اعزاز ہے، انہوں نے علی پرویز مہدی کو مبارکباد بھی دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں