پشاور پولیس نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو گرفتار کرلیا

ذرائع نے کہا کہ علی وزیر کو اب سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا — فائل فوٹو / علی وزیر ٹوئٹر
ذرائع نے کہا کہ علی وزیر کو اب سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا — فائل فوٹو / علی وزیر ٹوئٹر

پشاور میں پولیس نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو تھانہ شرقی کے حدود سے گرفتار کرلیا۔

علی وزیر شہدا آرمی پبلک اسکول کی چھٹی برسی کی مناسبت سے تقریب میں شرکت کے بعد آرکائیوز ہال سے نکلتے وقت گرفتار کیا گیا۔

صوبائی پولیس کے ذرائع کے مطابق علی وزیر کے خلاف ملک مخالف تقریر پر کراچی میں مقدمہ درج ہوا تھا اور سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو ان کی گرفتاری کی درخواست کی تھی۔

ذرائع نے کہا کہ علی وزیر کی گرفتاری 54 سی آر پی سی تحت کی گئی ہے اور انہیں اب سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما محسن داوڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں علی وزیر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 'پی ٹی ایم اس کا مناسب جواب دے گی'۔

مزید پڑھیں: محسن داوڑ، علی وزیر 'افغانستان کے ذریعے بھارتی ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں'، ریڈیو پاکستان کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ 'یہ طیش میں لانے والی بات ہے کہ علی وزیر کو سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی دعائیہ تقریب سے گرفتار کیا گیا'۔

واضح رہے کہ علی وزیر اور پی ٹی ایم کے متعدد دیگر رہنماؤں کے خلاف 7 دسمبر کو کراچی کے تھانے سہراب گوٹھ میں تعزیرات پاکستان کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ان پر اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقاریر کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

علی وزیر کو اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار کیا جاچکا ہے اور ان کے خلاف متعدد مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں