’ارطغرل غازی‘ بھارت میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز میں شامل

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2020
ارطغرل غازی نے رواں سال کئی ریکارڈز اپنے نام کیے—اسکرین شاٹ
ارطغرل غازی نے رواں سال کئی ریکارڈز اپنے نام کیے—اسکرین شاٹ

شہرہ آفاق ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کو رواں برس اپریل سے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو میں نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں کئی نئے ریکارڈز بھی بنائے۔

جہاں اس ڈرامے کو پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈرامے کا اعزاز حاصل ہوا، وہیں پی ٹی وی کی جانب سے اس ڈرامے کے بنائے گئے یوٹیوب چینل نے بھی کئی ریکارڈز بنائے۔

تاہم حیران کن طور پر ’ارطغرل غازی‘ کی اردو میں یوٹیوب پر جاری کی گئی پہلی قسط کی ویڈیو نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بنی۔

جی ہاں، یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ بھارت میں سال 2020 کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز کے مطابق ’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط وہاں دیکھی جانے والی 10 ویڈیوز میں شامل ہے۔

حیران کن طور پر ’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط کی ویڈیو نے کئی بھارتی ڈراموں، فلموں اور گانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط بھارت میں چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بنی۔

’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط کی ویڈیو کو 18 دسمبر تک 8 کروڑ 57 لاکھ 66 ہزار 600 کے قریب مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔

بھارت میں سال 2020 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ایک غیر معروف شخص کی ویڈیو بنی، جس میں اس نے بھارت میں یوٹیوب اور ٹک ٹاک بند کرنے کے معاملے پر بات کی تھی۔

اسی طرح بھارت یوٹیوب پر دوسری سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کامیڈی ویڈیو چھوٹو دادا بنی، تیسرے نمبر پر اینمیٹڈ ویڈیو لاک ڈاؤن بنی، چوتھے نمبر پر ارطغرل غازی کی پہلی قسط کی ویڈیو رہی۔

پانچویں نمبر پر چاکلیٹ کیک بنانے کی ترکیب کی ویڈیو، چھٹے نمبر پر ڈانس کے مقابلے کی ویڈیو، ساتویں نمبر پر کوہ نور ہیرے پر بنائی گئی فکشن ویڈیو، آٹھویں نمبر پر کورونا کے دور میں امتحانات اور ویکسین کی تیاری سے متعلق بنی ویڈیو، نویں نمبر پر بی بی کی وائنس اور دسویں نمبر پر تارک مہتا کا الٹا چشما کی ایک قسط کی ویڈیو رہی۔

یوٹیوب نے رواں سال پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز کی فہرست جاری نہیں کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں