وفاقی وزیر اسد عمر بھی کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں شامل

19 دسمبر 2020
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر — فائل فوٹو / اے ایف پی
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر — فائل فوٹو / اے ایف پی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ 'مجھے ابھی کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ ملا جو مثبت آیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'میں خود کو گھر میں آئیسولیٹ رکھوں گا۔'

یہ بھی پڑھیں: سینئر سیاستدان و رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کا کورونا سے انتقال

واضح رہے کہ فروری 2020 سے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک کئی سیاسی و سماجی شخصیات، کرکٹر، فلمی ستاروں و دیگر افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر افراد قرنطینہ میں رہنے اور ضروری طبی علاج کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کچھ کا انتقال بھی ہوا ہے۔

سیاستدانوں کی بات کی جائے تو قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سندھ کے وزیر سعید غنی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال ان سیاستدانوں میں شامل تھے، جنہیں کورونا وائرس کی تشخصی ہوئی تاہم یہ تمام لوگ صحتیاب ہوگئے۔

اس کے علاوہ بھی دیگر سیاسی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوکر صحتیاب ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کورونا وائرس میں مبتلا

تاہم اس عالمی وبا کے باعث پاکستان میں جو سیاست دان جانبر نہ ہوسکے ان میں بلوچستان کے سابق گورنر سید فیصل آغا، پی ٹی آئی پنجاب کی رکن اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ، رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے جمشیدالدین کاکاخیل، پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی اور دیگر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں جہاں اب کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسین کے استعمال کا آغاز ہوگیا ہے وہیں دوسری لہر بھی تیزی سے پھیل رہی ہے اور پاکستان میں بھی اس کے وار جاری ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 51 ہزار 494 ہے جس میں سے 3 لاکھ 33 ہزار 852 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 164تک پہنچ گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں