اقوام متحدہ نے راولاکوٹ میں اپنی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کردی

اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2020
اقوام متحدہ نے تصدیق کی کہ فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو ایل او سی کے قریب نامعلوم چیز ٹکرانے سے نقصان پہنچا— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
اقوام متحدہ نے تصدیق کی کہ فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو ایل او سی کے قریب نامعلوم چیز ٹکرانے سے نقصان پہنچا— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جمعہ کے روز پاکستان کی طرف راولاکوٹ کے قریب 'نامعلوم چیز' کی زد میں آنے سے نقصان پہنچا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق نیویارک میں باقاعدہ بریفنگ میں نمائندہ اے پی پی کے ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مشن فی الحال واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا لیکن اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ، مبصرین محفوظ رہے

جب بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ کیا اقوام متحدہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کی طرف سے دی گئی رپورٹ مسترد کرنے کی خبروں سے آگاہ ہے تو فرحان حق نے کہا کہ ہم دونوں فریقین کے بیانات سے بخوبی واقف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ گاڑی سے کوئی نامعلوم چیز ٹکرائی تھی، جیسے میں نے کہا تھا کہ کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ اپنے مینڈیٹ کے تحت جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن میں سیز فائر کی خلاف ورزی کے مشاہدے اور اس کی رپورٹ کے حوالے سے راولاکوٹ کے قریب معمول کی نگرانی کی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔

گزشتہ روز ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے صبح 10:45 پر آزاد جموں و کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت، پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی منصوبہ بندی کررہا ہے، وزیر خارجہ

انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کے عہدیدار پولاس گاؤں میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد سے ملاقات کے لیے جارہے تھے کہ نشانہ بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن عہدیدار محفوظ ہیں اور پاک فوج نے انہیں فوری طور راولاکوٹ منتقل کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی کو بلااشتعال فائرنگ سے نشانہ بنانا بھارتی فوج کی ایک اور اوچھی حرکت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گولی کے نشانات کی حامل اقوام متحدہ کی گاڑی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تھا کہ گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا کیونکہ یہ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑی دور سے باآسانی پہچانی جاسکتی ہے کیونکہ اس کی شاخت اور نشانات واضح ہیں۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی، 2 جوان شہید

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ بھارت کے اس طرح کے غیر قانونی اقدامات تمام بین الاقوامی اقدار کے خلاف ہیں اور اس کی وجہ بھارتی فوج کا عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا واضح مقصد ہے اور اس سے نہ صرف شہری بلکہ اقوام متحدہ کے مبصرین بھی نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے ساتھ مکمل یک جہتی کرتا ہے اور اپنے فرائض انجام دینے پر ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں