علی ظفر کا ملک کے ابھرتے ریپرز کے لیے اہم اعلان

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2020
علی ظفر نئے گانے بھائی حاضر ہے پر کام کر رہے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
علی ظفر نئے گانے بھائی حاضر ہے پر کام کر رہے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

گلوکار علی ظفر نے اکتوبر 2019 میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی جواں سالہ گلوکارہ عروج فاطمہ کے ساتھ ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ گانا ریلیز کرکے انہیں موسیقی کی دنیا میں متعارف کرایا تھا۔

اور رواں برس نومبر میں بھی انہوں نے عروج فاطمہ کے ساتھ ہی سندھی لوک گیت 'الے، ماروئڑا' ریلیز کیا تھا۔

'الے، ماروئڑا' میں جہاں علی ظفر نے عروج فاطمہ کے ساتھ سندھی ثقافتی لباس میں سندھ کا لوک ڈانس کیا تھا، وہیں اس گانے میں معروف ریپر عابد بروہی بھی دکھائے دیے تھے۔

عابد بروہی کے ریپر اسٹائل کو گانے میں شامل کیے جانے پر 'الے، ماروئڑا' کو کافی شہرت حاصل ہوئی اور ریپر کی پرفارمنس کو سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ شیئر کیا گیا۔

'الے، ماروئڑا' میں ریپر کی پرفارمنس کو کافی پسند کیے جانے کے بعد اب علی ظفر 'بھائی حاضر ہے' گانے کو ریپر اسٹائل میں بنانے میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر کے گانے 'بھائی حاضر ہے' کا ٹیزر جاری

علی ظفر نے 'بھائی حاضر ہے' کی جھلکیاں 3 دن قبل ہی ریلیز کی تھیں، جن میں انہیں ریپر کی طرح پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

علی ظفر کی ریپر پرفارمنس کو کافی سراہا گیا تھا اور اب انہوں نے 'بھائی حاضر ہے' کو مزید بہتر بنانے کے لیے ملک بھر کے ابھرتے ہوئے ریپرز کے لیے اہم اعلان کردیا۔

علی ظفر نے اپنی ٹوئٹ میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے ابھرتے ہوئے ریپرز کو بتایا کہ ان کی تیار کردہ 'بھائی حاضر ہے' کی دھن پر ریپر پرفارمنس کرکے اپنی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرکے انہیں ٹیگ کریں اور جن ریپرز کی پرفارمنس کو کافی پسند کیا گیا، انہیں نقد انعام دیا جائے گا۔

گلوکار نے بتایا کہ ملک بھر کے مرد و خواتین ریپرز ان کی دھن پر پرفارمنس کی ویڈیو اپ لوڈ کرکے انہیں مینشن کریں، وہ مذکورہ ویڈیوز کو اپنی پروڈکشن کمپنی کے فیس بک پر شیئر کریں گے اور جس ریپر کی ویڈیو کو بہت زیادہ پسند یا شیئر کیا جائے گا، اسے ایوارڈز دیے جائیں گے۔

علی ظفر کے مطابق پہلا ایوارڈ ایک لاکھ روپے کا ہوگا، دوسرا پچاس ہزار اور تیسرا پچیس ہزار روپے کا ایوارڈ ہوگا اور انعام جیتنے والے تینوں ریپرز ان کے ساتھ 'بھائی حاضر ہے' میں بھی پرفارمنس کر سکیں گے۔

علی ظفر کی جانب سے مذکورہ اعلان کے بعد ہی ملک کے نوجوان ریپرز نے ان کی دھن پر ویڈیوز بنا کر ان کی ٹوئٹ کے نیچے کمنٹ کرنا شروع کردی تھیں۔

اس سے قبل بھی علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے موقع پر عام شائقین کی پرفارمنس کی مدد سے ویڈیو جاری کی تھی، جو کافی مقبول ہوئی تھی۔

علی ظفر کی جانب سے اپنی ویڈیوز میں عام افراد کو شامل کرنے کی وجہ سے ان کی شہرت میں اضافہ بھی ہوا ہے اور ساتھ ہی نوجوانوں میں موسیقی میں دلچسپی بھی بڑھ گئی ہے۔

الے ماروئڑا کو بھی ریپر پرفارمنس کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا—فوٹو: علی ظفر ٹوئٹر
الے ماروئڑا کو بھی ریپر پرفارمنس کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا—فوٹو: علی ظفر ٹوئٹر

تبصرے (0) بند ہیں