بھارتی اداکارہ گوہر خان نے شادی کرلی

اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2020
دونوں کی شادی کی تقریبات کچھ دن قبل ہی شروع ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی کی تقریبات کچھ دن قبل ہی شروع ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ٹیلی وژن و فلموں کی معروف اداکارہ 37 سالہ گوہر خان نے سوشل میڈیا اسٹار اور کوریوگرافر زید دربار سے شادی کرلی۔

گوہر خان گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور وہ متنازع ریئلٹی شو 'بگ باس' سمیت دیگر بھارتی ٹی وی شوز میں شرکت کر چکی ہیں۔

گوہر خان نے 2004 میں فلم 'آن: مین ایٹ ورک' میں مختصر کردار سے فلمی اداکاری کا آغاز کیا تھا، اس سے قبل ہی وہ ٹی وی پر اداکاری کی شروعات کر چکی تھیں۔

گوہر خان نے کرائم تھرلر بولی وڈ فلم 'ونس اَپون ٹائم ان ممبئی، عشق زادے، کیا کول ہیں ہم تھری، فیور، بدری ناتھ کی دلہنیا، بیگم جان اور تیرا انتظار' سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

گوہر خان نے معروف ڈانس پروگرام 'جھلک دکھلا جا' میں بھی حصہ لیا جب کہ وہ بگ باس سمیت خطروں کے کھلاڑی نامی ہارر ایکشن ریئلٹی شو میں بھی دکھائی دیں۔

انہیں ان کے متنازع بیانات، متنازع پروگرامات میں شرکت، ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے جیسے معاملات کی وجہ سے زیادہ شہرت ملی۔

گوہر خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز چند دن قبل ہی ہوا تھا اور ان کی شادی کی تقاریب کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تاہم اب انہوں نے باضابطہ طور پر اسلامی روایات کے مطابق زید دربار سے بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں شادی کرلی۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گوہر خان اور زید دربار کی شادی میں دونوں کے اہل خانہ سمیت ان کے قریبی افراد نے بھی شرکت کی اور کورونا کی وجہ سے تقریب کو مختصر اور محدود رکھا گیا۔

دونوں نے خالصتا اسلامی روایات کے مطابق شادی کی اور دونوں نے نکاح کے دوران بڑی آواز میں ایک دوسرے کو قبول کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

دونوں نے شادی کے موقع پر ملتا جلتا لباس پہنا، جس وجہ سے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

گوہر خان کے شوہر زید دربار بھی آرٹسٹ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے چھوٹے بھائی آواز دربار ماڈل ہیں جب کہ وہ خود بھی سوشل میڈیا اسٹار اور ڈانس کوریوگرافر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ گوہر خان کا تنازع

ان کی شادی کے حوالے سے نشریاتی ادارے انڈیا ڈاٹ کام نے بتایا کہ گوہر خان نے نکاح کے موقع پر پاکستانی فیشن ڈیزائنر سائرہ شاکرہ کا تیار کردہ لباس پہنا۔

دونوں کی شادی کی تقریبات کی تصاویر خوب وائرل ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی کی تقریبات کی تصاویر خوب وائرل ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام

نکاح کے موقع پر لی گئی تصویر کو گوہر خان نے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے زید دربار کو قبول کرلیا اور ساتھ ہی انہوں نے خوبصورت لباس تیار کرنے پر پاکستانی ڈیزائنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

نکاح کے بعد دونوں نے ممبئی میں مہمانوں کے لیے مختصر و محدود پارٹی کا اہتمام بھی کیا۔

گوہر خان کی شادی پر متعدد بولی وڈ و دیگر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں