پہلی بار لکس ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2021
ماہرہ خان کو بہترین اداکارہ کے دو ایوارڈز ملے—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز
ماہرہ خان کو بہترین اداکارہ کے دو ایوارڈز ملے—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز

پاکستان کے معروف لکس اسٹائل ایوارڈ کے 19 ایوارڈز کے فاتحین کو آن لائن تقریب کے دوران ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

اس سال پہلی بار لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کورونا کی وبا کے باعث آن لائن منعقد کی گئی تھی اور ایوارڈ تقریب کو سال 2020 کے آخری دن 31 دسمبر کو یوٹیوب پر براہ راست دکھایا گیا۔

اس سال جہاں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد کی گئی، وہیں اس سال ماضی کے مقابلے میں فاتحین کا فیصلہ بھی مداحوں کی آن لائن ووٹنگ سے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان

عام طور پر لکس اسٹائل ایوارڈز کے زیادہ فاتحین کا اعلان آزادانہ جیوری کرتی ہے تاہم اس سال کورونا کی وبا کے باعث جہاں فاتحین کا اعلان آن لائن ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس سال بہترین فلم کا ایوارڈ لال کبوتر کو دیا گیا جب کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اداکارہ ماہرہ خان لے اڑیں اور بہترین اداکار کا ایوارڈ احمد علی اکبر کو دیا گیا۔

آن لائن ایوارڈ تقریب میں ورچوئل ریڈ کارپٹ بھی دکھایا گیا، جس میں اداکارہ منشا پاشا اور مہوش حیات سمیت دیگر اداکارائیں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں۔

مزید پڑھیں: لکس ایوارڈز 2020: ماہرہ خان اور احمد علی اکبر بہترین فلم اداکار قرار

آن لائن تقریب کی میزبانی اداکارہ مہوش حیات اور احمد علی بٹ نے دی تھی جب کہ فاتحین کو ان کے گھروں پر ایوارڈ پہنچائے گئے تھے، جنہیں ورچوئل تقریب میں دکھایا گیا۔

10 سالہ ہادیہ ہاشمی کو سال کی بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ دیا گیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز
10 سالہ ہادیہ ہاشمی کو سال کی بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ دیا گیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز

اس سال کے لکس اسٹائل ایوارڈز کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں جہاں ساری تقریب آن لائن دکھائی گئی، وہیں اس میں حدیقہ کیانی سمیت دیگر فنکاروں نے بھی آن لائن پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

میرے پاس تم ہو کے چائلڈ اسٹار شیث سجاد گل کو بہترین ابھرتے ٹیلنٹ کا ایوارڈ دیا گیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز
میرے پاس تم ہو کے چائلڈ اسٹار شیث سجاد گل کو بہترین ابھرتے ٹیلنٹ کا ایوارڈ دیا گیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز

لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین خاتون ماڈل کا ایوارڈ سال 2020 میں مئی کے مہینے میں جہاز حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماڈل زارا عابد کو دیا گیا۔

زارا عابد کا ایوارڈ ان کی والدہ نے وصول کیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز
زارا عابد کا ایوارڈ ان کی والدہ نے وصول کیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز

زارا عابد کا ایوارڈ ان کی والدہ نے وصول کیا جب کہ اس سال 10 سالہ گلوکارہ ہادیہ ہاشمی اور 9 سالہ شیث گل کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔

ورچوئل تقریب میں مہوش حیات کے انداز کو کافی سراہا گیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز
ورچوئل تقریب میں مہوش حیات کے انداز کو کافی سراہا گیا—فوٹو: لکس اسٹائل ایوارڈز


نوٹ: اس رپورٹ میں غلطی سے زارا عابد کی جگہ زارا نور عباس کو مرحوم لکھ دیا گیا تھا اس غلطی کی تصحیح کردی گئی ہے ادارہ غلطی پر معذرت خواہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں