میشا شفیع کا نام سنتے ہی علی ظفر کے ذہن میں کیا خیال آتا ہے؟

اپ ڈیٹ 05 جنوری 2021
ماضی میں میشا شفیع و علی ظفر ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
ماضی میں میشا شفیع و علی ظفر ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ میشا شفیع کے درمیان جنسی ہراسانی کے معاملے اور ایک دوسرے کو بدنام کرنے پر جاری 2 سال سے قانونی جنگ کا اگرچہ تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

تاہم حال ہی میں علی ظفر نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ میشا شفیع کا نام سنتے ہی ان کے ذہن میں کیا خیال آتا ہے۔

علی ظفر نے تین جنوری کو ٹوئٹر پر 'آسک علی ظفر' کے سلسلے کے تحت مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے۔

مداحوں نے علی ظفر سے ان کے کیریئر، ان کی اہلیہ کی خوبصورتی اور ان سے محبت سمیت دیگر گلوکاروں اور کرکٹرز سے متعلق سوالات سمیت میشا شفیع سے متعلق بھی پوچھا۔

علی ظفر نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا کہ بلوچی اور سندھی گانے کے بعد اب جلد ہی وہ پشتو میں گانا جاری کریں گے، جس کی آڈیو تیار ہوچکی ہے اور ویڈیو پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں علی ظفر نے ٹی وی میزبان اقرار الحسن کو جان آدمی جب کہ کرکٹر احمد شہزادہ کو شہزادہ قرار دیا۔

بعض مداحوں نے سوالات کے سلسلے میں گلوکار سے سوال کرنے کے بجائے ان کی تعریف کی، جس پر انہوں نے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ایک خاتون مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا ان کی اہلیہ کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے؟ اور انہوں نے اسے کیسے تلاش کیا، وہ واقعی بہت خوبصورت ہیں اور کیا ان دونوں کی محبت کی شادی ہے؟

خاتون کے جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ ان کی اہلیہ لاہور میں ہی پیدا ہوئیں اور ان دونوں کی محبت کی شادی ہے، ان کے اور اہلیہ کے درمیان اس وقت محبت شروع ہوئی جب گلوکار پورٹریٹ بناتے تھے اور وہ ان سے اپنا اسکیچ بنوانے آئی تھیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی مقبول فلم طیفا ان ٹربل کا سیکوئل بھی بنائیں گے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں نئے گلوکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ شارٹ کٹ استعمال نہ کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے عاصم اظہر اور عمیر جسوال کو بہترین گلوکار قرار دیا۔

ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ جب بھی وہ میشا شفیع کا نام سنتے ہیں تو ان کے ذہن میں کیا خیال آتا ہے؟

جس پر علی ظفر نے اپنے ایک دہائی پرانے گانے 'چل دل میرے' کی ویڈیو شیئر کی، جو دنیا کی لالچ پر مبنی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں