'ارطغرل غازی' کے اداکار کا پاکستانی بچوں کے لیے خون کا عطیہ

اپ ڈیٹ 11 جنوری 2021
جلال آل نے پاکستانی بچوں کے لیے خون کا عطیہ بھی دیا—فوٹو: کاشف انصاری فیس بک
جلال آل نے پاکستانی بچوں کے لیے خون کا عطیہ بھی دیا—فوٹو: کاشف انصاری فیس بک

گزشتہ ہفتے 7 جنوری کو پاکستانی دورے پر پہنچنے والی ترک اداکاروں کی ٹیم نے 10 جنوری کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کیا۔

ترک اداکاروں کی ٹیم میں شہرہ آفاق ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں مجاہد کمانڈر عبدالرحمٰن الپ کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال آل سمیت مذکورہ ڈرامے کے پروڈیوسر کمال تکدن اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔

ترک اداکاروں کی ٹیم ترکی سے براہ راست اسلام آباد پہنچی تھی اور وہاں انہوں نے اداکار عدنان صدیقی، ہمایوں سعید اور بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے ایک اور کردار 'عبدالرحمٰن' کی پاکستان آمد

ترک اداکاروں کی ٹیم تین دن تک اسلام آباد میں مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کے بعد 10 جنوری کو کراچی پہنچی، جہاں جلال آل نے اداکار فیروز خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

جلال آل نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں سے ملاقات بھی کی—فوٹو: کاشف انصاری فیس بک
جلال آل نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں سے ملاقات بھی کی—فوٹو: کاشف انصاری فیس بک

فیروز خان سے ملاقات کے بعد جلال آل نے دیگر ٹیم ارکان کے ہمراہ پاکستانی پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری کے ہمراہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں سمیت دیگر صحت کے مسائل پر کام کرنے والی سماجی تنظیم عمیر ثنا فاؤنڈیشن کا دورہ بھی کیا۔

ترک ٹیم نے پاکستانی سماجی تنظیم کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں—فوٹو: کاشف انصاری فیس بک
ترک ٹیم نے پاکستانی سماجی تنظیم کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں—فوٹو: کاشف انصاری فیس بک

ڈاکٹر کاشف انصاری اور عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ترک شوبز ٹیم کے دورے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ترک ٹیم نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کی عیادت بھی کی۔

ترک شوبز شخصیات نے عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے چلڈرن ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور اس موقع پر جلال آل نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے لیے خون کا عطیہ بھی دیا۔

ترک شخصیات کے عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے دورے کی تصاویر سامنے آتی ہی وائرل ہوگئیں اور پاکستانی عوام نے ترک اداکاروں و ڈراما سازوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں