ملک گیر بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2021
بجلی کے بحران کے نتیجے میں پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
بجلی کے بحران کے نتیجے میں پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گزشتہ ہفتے پورے ملک کو اندھیروں سے دوچار کرنے والے بجلی کے بڑے بحران کی تحقیقات کے لیے جمعرات کو تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو جاری ایک نوٹیفکیشن میں نیپرا نے کہا کہ توانائی کے شعبے کے دو ماہرین پر مشتمل انکوائری کمیٹی کو 15 دن کے اندر (29 جنوری تک) ریگولیٹر کو رپورٹ پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔

مزید پڑھیں: بڑے بریک ڈاؤن کے بعد ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی بحال

اس کمیٹی کی سربراہی نیپرا کے ڈائریکٹر جنرل نادر علی کھوسو کر رہے ہیں اور یہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے سابق منیجر منو رام اور این ٹی ڈی سی کے سسٹم پروٹیکشن کے سابق چیف انجینیئر خالد محمود پر مشتمل ہے۔

ریٹائرمنٹ سے قبل منو رام نے قومی گرڈ کے 500/200 کلو واٹ جی ایس او (گرڈ اسٹیشن آپریشن) کی نگرانی کی جبکہ خالد محمود نے گرڈ کے سسٹم پروٹیکشن کی قیادت کی۔

کمیٹی ان وجوہات اور خرابیوں کا تعین کرے گی جس کے نتیجے میں سسٹم ٹرپ ہوا اور نظام میں خرابی ہوئی اور بجلی کی اس بڑی خرابی کے ذمے داران کا تعین کیا جائے گا، یہ ادارہ یہ بھی جائزہ لے گا کہ آیا بجلی کی بحالی کی کوششیں مناسب تھیں یا مناسب وقت میں بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی تھی یا نہیں۔

مزید یہ کہ کمیٹی کو ماضی میں ہونے والے اس طرح کے خرابی کی تحقیقاتی رپورٹوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور یہ بھی دیکھنا ہے کہ آیا ماضی کی تحقیقات جو سفارشات کی گئی تھیں ان پر عمل کیا گیا یا نہیں اور کن خطروں یا کن علاقوں کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

تصاویر دیکھیں: پاکستان بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن

کمیٹی کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی تکرار سے بچنے کے لیے متعلقہ ایجنسیوں اور کمپنیوں کے ذریعے کیے جانے والے تدابیری اقدامات کی سفارش کریں، کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ اگر ضرورت ہو تو وہ نیپرا یا صنعت کے ماہرین سے مدد کے لیے تعاون کرے۔

گوکہ سینٹرل پاور جنریشن کمپنی (سی پی جی سی) کی انتظامیہ نے اپنے پلانٹ سوئچ یارڈ میں بجلی کی بندش کی وجہ سے عدم توجہی کے الزام میں اپنے 7 عہدیداروں کو فوری طور پر معطل کردیا تھا لیکن این ٹی ڈی سی نے علیحدہ اپنے ہی عہدیداروں کی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس بات کا پتا لگ سکے کہ حفاظتی نظام ناکام کیوں رہے اور یہ خرابی گزشتہ ہفتے 9 جنوری 2021 کو ملک گیر بجلی کے بریک ڈاؤن کا باعث بنی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں