سام سنگ کے نئے فلیگ شپ گلیکسی ایس 21 سیریز کے فونز اب پاکستان میں پری آرڈر میں دستیاب ہیں۔

سام سنگ نے یہ فونز 14 جنوری کو ایک ایونٹ کے دوران پیش کیے تھے۔

سام سنگ کے تینوں فونز پری آرڈر میں دستیاب ہیں، جن میں اس کمپنی کا پہلا 5 بیک کیمروں والا فون گلیکسی ایس 21 الٹرا بھی شامل ہے۔

یہ سام سنگ کے اولین فونز ہیں جن میں پاور اڈاپٹر باکس میں موجود نہیں، بلکہ یو ایس بی سی کیبل دی گئی ہے، جس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو اپنا چارجر استعمال کرنا ہوگا۔

تینوں فونز کے 256 جی بی اسٹوریج والے ماڈل صارفین اس وقت بُک کرا سکتے ہیں۔

قیمت سے قبل آپ ان فونز کی خصوصیات جان لیں۔

گلیکسی ایس 21 اور ایس 21 پلس

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ گلیکسی ایس 21 میں 6.2 انچ جبکہ ایس 21 پلس میں 6.7 انچ کا لگ بھگ بیزل لیس فل ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جو 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ ہے۔

تاہم اس بار ڈسپلے میں 1080p ریزولوشن دیا گیا ہے جبکہ ایس 20 سیریز میں 1440p پلس ریزولوشن موجود تھا۔

دونوں فونز کے ڈسپلے میں ایک الٹرا سونک فنگرپرنٹ سنسر موجود ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 70 فیصد بڑا ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ پاکستان میں دستیاب فونز میں اسنیپ ڈراگون 888 یا کمپنی کا اپنا ایکسینوس 2100 میں سے کونسا پراسیسر دیا جارہا ہے، بس یہ بتایا کہ 5 این ایم پراسیسر موجود ہوگا، جو یہ دونوں ہی ہیں۔

گلیکسی ایس 21 میں 4000 ایم اے ایچ جبکہ ایس 21 پلس میں 4800 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے، جو فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے، جبکہ وائرلیس چارجنگ اور ریورس چارجنگ سپورٹ بھی موجود ہے۔

دونوں فونز کا کیمرا سیٹ اپ بھی یکساں ہے، یعنی بیک پر 3 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

اس سیٹ اپ میں مین کیمرا 12 میگا پکسل سنسر کے ساتھ ہے جو لارج 1.8 یو ایم پکسلز اور ڈوئل پکسل اے ایف کے ساتھ ہے، بالکل ایس 20 کی طرح۔

اس کے علاوہ ایف 1.8 آپرچر او آئی ایس کے ساتھ ہے۔

دوسرا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا 120 فیلڈ آف ویو کے ساتھ ہے جس میں حیران کن طور پر آٹوفوکس موجود نہیں۔

تیسرا 64 میگا پکسل کیمرا درحقیقت 2 کام کرے گا، یعنی فوٹو موڈ میں 3 ایکس لوس لیس زوم (آٹو فوکس اور او آئی ایس) اور 30 ایکس اسپیس زوم فراہم کرے گا، جبکہ ویڈیو موڈ میں 8 کے ریزولوشن ویڈیو 24 فریم فی سیکنڈ ریکارڈ کرے گا۔

دونوں فونز کے فرنٹ پر 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

گلییکسی ایس 21 الٹرا

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی ایس 21 اور ایس 21 پلس کے مقابلے میں ایس 21 الٹرا صحیح معنوں میں فلیگ شپ فون ہے، جس میں بہت کچھ ایسا ہے جو پہلی بار گلیکسی فونز (بالخصوص ایس سیریز) کا حصہ بنا ہے۔

ایس 21 سیریز کے اس فلیگ شپ فون میں 6.8 انچ کا لگ بھگ بیزل لیس امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے، جبکہ اس میں گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

سابقہ فلیگ شپ فونز کے مقابلے میں ایس 21 الٹرا کی اسکرین 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ فل ایچ ڈی اور کواڈ ایچ دونوں ریزولوشنز میں فراہم کرتی ہے، جبکہ اس میں ایک اڈاپٹو ریفریش ریٹ ڈسپلے بھی موجود ہے، جو اضافی ریفریشز کی ضرورت نہ ہونے پر ریفریش ریٹ 10 ہرٹز کم کردیتا ہے، تاکہ بیٹری لائف کو بڑھایا جاسکے۔

اس فون میں کسی بھی گلیکسی سیریز کے مقابلے میں سب سے برائٹ ڈسپلے دیا گیا ہے۔

پہلی بار ایس سیریز کے کسی فون میں ایس پین اسٹائلوس سپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے یا کسی بھی واکوم اسٹائلوس کو اس پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

کمپنی کے مطابق اس فون میں پہلی بار 5 این ایم پراسیسر دیا گیا ہے جو اب تک کا سب سے طاقتور اور تیزرفتار پراسیسر ہے۔

فون کی 5000 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے، جو کمپنی کے مطابق 30 منٹ میں بیٹری 50 فیصد چارج کرسکتی ہے۔

یہ سام سنگ کا پہلا فلیگ شپ فون ہے جس میں بیک پر 5 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فون کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے، جس کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، جسے کمپنی نے برائٹ نائٹ سنسر کا نام دیا ہے جو کم روشنی میں بہترین فوٹوز لینے میں مدد دیتا ہے۔

سام سنگ کے اس فون میں 2 ٹیلی فوٹو کیمرے دیئے گئے ہیں، جن میں سے ایک 10 میگا پکسل اور دوسرا بھی 10 میگا پکسل کا ہے۔

اان کیمروں سے 10 ایکس آپٹیکل زوم تک سہولت فراہم کرتا ہے جبکہ ایک کیمرا 1 ایکس سے 3 ایکس لوس لیس ڈیجیٹل زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

چوتھا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا ہے جبکہ 5 واں لیزر اے ایف سنسر ہے۔

یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں تمام کیمرے 4K ویڈیو 60 فریم فی سیکنڈ سے ریکارڈ کرسکتے ہیں، جبکہ تمام کیمروں میں ڈوئل پکسل اے ایف دیا گیا ہے۔

فون کے فرنٹ پر 40 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

پری آرڈر قیمت

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی ایس 20 کی قیمت ایک لاکھ 69 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے اور پری آرڈر پر گلیکسی بڈز لائیو اور گلیکسی اسمارٹ ٹیگ مفت دیئے جائیں گے۔

گلیکسی ایس 21 پلس کی قیمت ایک لاکھ 94 ہزار 999 روپے ہے جس کے پری آرڈر پرگلیکسی بڈز لائیو اورر گلیکسی اسمارٹ ٹیگ مفت دیئے جائیں گے۔

گلیکسی ایس 21 الٹرا 2 لاکھ 29 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا اور اس کے پری آرڈر پر نیا گلیکسی بڈز پرو (32 ہزار روپے سے زیادہ کا) مفت دیا جائے گا۔

یہ فونز سام سنگ پاکستان کی ویب سائٹ یا دیگر آن لائن سائٹس پر پری آرڈر پر بک کرائے جاسکتے ہیں جبکہ فروری کے آغاز میں کسی وقت صارفین کو مل سکیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں