موسیقار باب راک نے بھی اپنے تمام گیت فروخت کردیے

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2021
باب راک نےاپنے 40 ہی گانے فروخت کردیے—فائل فوٹو: رائٹرز
باب راک نےاپنے 40 ہی گانے فروخت کردیے—فائل فوٹو: رائٹرز

نوبیل انعام یافتہ نغمہ نگار و موسیقار باب ڈیلن اور ایوارڈ یافتہ گلوکارہ شکیرا کے بعد نامور کینیڈین موسیقار باب راک نے بھی اپنے تقریباً تمام گیت بھاری رقم کے عوض فروخت کردیے۔

باب راک سے قبل گزشتہ ماہ 8 دسمبر 2020 کو نوبیل انعام یافتہ نغمہ نگار باب ڈیلن نے بھی اپنے تمام گیت میوزک کمپنی یونیورسل میوزک کو 30 سے 50 کروڑ ڈالر کے عوض بیچے تھے۔

ان کے بعد حال ہی میں ایوارڈ یافتہ گلوکارہ شکیرا نے بھی اپنے کم از کم 145 گانے برطانوی میوزک فرم Hipgnosis Songs Fund کو بیچے تھے۔

شکیرا نے اپنے تمام گیت برطانوی کمپنی کو رواں ماہ 14 جنوری کو فروخت کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: باب ڈیلن نے اپنے تمام گیت فروخت کردیے

اب مذکورہ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اس نے کینیڈین گلوکار و موسیقار باب راک سے بھی ان کے تقریباً تمام ہی گیت خرید لیے۔

باب ڈیلن نے بھی اپنے 600 گیت فروخت کیے تھے—فائل فوٹو: اے پی
باب ڈیلن نے بھی اپنے 600 گیت فروخت کیے تھے—فائل فوٹو: اے پی

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی میوزک فرم Hipgnosis Songs Fund نے 21 جنوری کو تصدیق کی کہ اس نے باب راک کے 43 میں سے 40 گانوں کے حقوق حاصل کرلیے۔

باب راک نے 1990 سے قبل کئی مشہور گیتوں کی موسیقی ترتیب دی اور ان کے کئی گانے نئے ریکارڈز بنانے میں بھی کامیاب رہے۔

باب راک کو اصل شہرت نغمہ نگاری اور موسیقی ترتیب دینے سمیت گانوں کو پروڈیوس کرنے کی وجہ سے حاصل ہوئی، تاہم ان کے اپنے ذاتی گانے محض 50 تک ہی ہیں جس میں سے انہوں نے 40 گانوں کے حقوق فروخت کردیے۔

باب راک نے اپنے ان گانوں کے حقوق ہی فروخت کیے ہیں، جنہیں انہوں نے خود لکھا اور خود ہی انہیں پروڈیوس کیا۔

حال ہی میں گلوکارہ شکیرا نے بھی اپنے 145 گیت فروخت کیے تھے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
حال ہی میں گلوکارہ شکیرا نے بھی اپنے 145 گیت فروخت کیے تھے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

باب راک کی جانب سے فروخت کیے گئے 40 گانے مختلف گلوکاروں نے گائے ہیں، تاہم ان کے مالکانہ حقوق ان کے پاس ہی تھے جنہیں اب انہوں نے فروخت کردیا۔

ہولی وڈ موسیقاروں، گلوکاروں اور نغمہ نگاروں سمیت برطانوی، امریکی و یورپی گلوکاروں و موسیقاروں کی جانب سے اب اپنے گانوں کے حقوق کو فروخت کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: گلوکارہ شکیرا نے اپنے تمام گیت فروخت کردیے

باب ڈیلن، شکیرا اور اب باب راک کی جانب سے گیتوں کو فروخت کیے جانے سے قبل بھی بعض نامور موسیقار اپنے گیتوں کے مالکانہ حقوق فروخت کر چکے ہیں۔

جس برطانوی کمپنی Hipgnosis Songs Fund نے باب راک اور شکیرا سے گانے خریدے، اس نے رواں ماہ 6 جنوری کو عالمی شہرت یافتہ موسیقار و گلوکار نیل یانگ سے بھی ان کے 1100 سے زائد گیت خریدے تھے۔

نیل یانگ نے برطانوی کمپنی کو اپنے 1100 سے زائد گانے 15 کروڑ امریکی ڈالرز تک کی رقم میں فروخت کیے تھے۔

نیل یانگ سے قبل برطانوی کمپنی نے کم از کم 2 دیگر موسیقاروں سے بھی ان کے گیتوں کے حقوق خریدے تھے اور اب تک یہ کمپنی 5 نامور موسیقاروں و گلوکاروں سے گیتوں کے حقوق حاصل کر چکی ہے۔

حال ہی میں نیل یانگ نے بھی اپنے گیت فروخت کیے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
حال ہی میں نیل یانگ نے بھی اپنے گیت فروخت کیے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں