سالگرہ کے دن سے بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کا آغاز

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2021
بختاور بھٹو 25 جنوری 1990 کو پیدا ہوئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
بختاور بھٹو 25 جنوری 1990 کو پیدا ہوئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی 31 ویں سالگرہ سے ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات 24 جنوری سے شروع ہوں گی اور ان کی مہندی کی تقریب 27 جنوری کو ہوگی۔

بعد ازاں بلاول ہاؤس کے ترجمان نے بھی تصدیق کی تھی کہ بختاور بھٹو کی شادی کی ایک تقریب 30 جنوری کو منعقد ہوگی، جس میں 300 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی، ترجمان بلاول ہاؤس

اب پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بختاور بھٹو کی سالگرہ کے دن کے موقع پر شروع ہونے والی ان کی شادی کی تقریبات کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی میڈیا ٹیم کے رکن رضا دھاریجو نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات ہوگئی ہیں اور ان کی ٹوئٹ کو بھی شرمیلا فاروقی نے ری ٹوئٹ کیا۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کے سلسلے میں ہونے والی محفل میلاد کی تقریب میں دیگر خواتین کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے بختاور بھٹو زرداری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، علاوہ ازیں انہوں نے انہیں جنم دن کے موقع پر مبارک باد بھی پیش کی۔

شرمیلا فاروقی کے علاوہ پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی بختاور بھٹو زرداری کی سالگرہ کی پوسٹ شیئر کی گئی جب کہ رکن قومی اسمبلی سیدہ نفیسہ شاہ نے بھی بختاور بھٹو زرداری کو جنم دن کے موقع پر مبارک پاد پیش کی۔

پیپلز پارٹی میڈیا ٹیم کے رکن رضا دھاریجو نے بھی اپنی ٹوئٹ میں محفل میلاد میں شرمیلا فاروقی اور دیگر خواتین کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات محفل میلاد سے کراچی میں شروع ہوگئیں۔

بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات میں گزشتہ تین سے چار دن تک جاری رہیں گی اور ان کی مہندی کی تقریب 27 جنوری کو منعقد ہوگی جب کہ ان کا نکاح 29 جنوری کو ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات سندھی رسومات کے تحت ادا کی جائیں گی، تاہم ان کی شادی کی تقریبات پنجابی و بلوچی رسومات کے تحت بھی ادا کی جائیں گی۔

شادی کی تقریبات کے دوران بھی کورونا سے حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جا رہا ہے اور تقریبات میں شامل ہونے والی خواتین کو فیس ماسک پہننے سمیت سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بختار بھٹو نے 27 نومبر 2020 کو پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری سے منگنی کی تھی اور منگنی کے وقت ہی ان کی شادی کے کارڈ سامنے آ چکے تھے۔

گزشتہ ہفتے خبریں سامنے آئی تھیں کہ محمود چوہدری اہل خانہ اور انتہائی قریبی دوستوں کے ہمراہ دبئی سے کراچی پہنچ چکے ہیں اور ان کی شادی اسی ہفتے ہوگی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں اپنی شادی کے مرکزی ولیمے کی تقریب دبئی میں بھی منعقد کریں گے، جہاں دونوں کے عرب و بیرون ممالک کے دوست شرکت کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں