سیف علی خان کی فلم 'آدی پُرش' کے اعلان کے بعد سیٹ پر آتشزدگی

02 فروری 2021
شوٹ کے پہلے روز شام 4 بجے کے قریب فلم کے سیٹ پر دوسرے درجے کی آگ بھڑک اٹھی— فوٹو:  بولی وڈ ہنگامہ
شوٹ کے پہلے روز شام 4 بجے کے قریب فلم کے سیٹ پر دوسرے درجے کی آگ بھڑک اٹھی— فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

بولی وڈ اداکار سیف علی خان کی فلم 'تانڈو' کے تنازع کا شکار ہونے کے بعد اب ان کی نئی فلم کے اعلان کے بعد سیٹ پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا یے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم ڈائریکٹر پربھاس نے آج سوشل میڈیا پر اپنی آنے والی فلم 'آدی پُرش ' کی شوٹنگ شروع ہونے کا اعلان کیا تھا جس میں سیف علی خان بھی اداکاری کررہے ہیں۔

تاہم رپورٹ کے مطابق شوٹ کے پہلے روز شام 4 بجے کے قریب فلم کے سیٹ پر دوسرے درجے کی آگ بھڑک اٹھی۔

مزید پڑھیں: کرنی سینا کا تانڈو کے فلم سازوں کی 'زبان کاٹنے والے' کیلئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

آتشزدگی کے وقت لگ بھگ 50 سے 60 افراد سیٹ پر موجود تھے، یہ واقعہ گورے گاؤں میں فلم سٹی میں پیش آیا۔

—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

خوش قسمتی سے اداکار سیف علی خان اور پربھاس آج شوٹ کا حصہ نہیں تھے۔

ذرائع کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے ممبئی فائر بریگیڈ نے 8 فائر انجنز، 5 جمبو ٹینکرز، ایک واٹر ٹینکر اور ایک جے سی بی بھیجا ہے۔

آتشزدگی کے واقعے میں اب تک کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان کی 'تانڈو' پر تنازع، فلم سازوں نے غیر مشروط معافی مانگ لی

اس وقت سیٹ پر آگ بجھانے کا عمل جاری ہے اور صورتحال پر قابو پایا جاچکا ہے۔

تاہم سیٹ پر آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی خیال کیا جارہا ہے کہ سیٹ پر شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں آگ لگی۔

خیال رہے کہ فلم 'آدی پُرش' فلمساز اوم راوت بنارہے ہیں، جس میں پربھاس ہندوؤں کے بھگوان رام جبکہ سیف علی خان لنکیش (راون) کا کردار ادا کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینے داکار سیف علی خان اور ڈمپل کپاڈیا کی ویب سیریز 'تانڈو' پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے ہندو دیوتاؤں اور دیویوں کی تذلیل کا الزام لگایا گیا تھا۔

بعدازاں فلم سازوں نے معافی مانگ لی تھی لیکن ہندو انتہا پسند جماعت کرنی سینا نے فلم سازوں کو ایک پرتشدد اقدام سے دھمکایا تھا۔

سیف علی خان کو ان کی ویب سیریز تانڈو پر ہونے والے تنازع کے باوجود اضافی سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں