ماڈلنگ کرتے کرتے تھک گئی، اب اداکاری کرنا چاہتی ہوں، صدف کنول

اپ ڈیٹ 07 فروری 2021
اداکارہ کے مطابق بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنا ان کا خواب ہے — فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنا ان کا خواب ہے — فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے کہا ہے کہ وہ ماڈلنگ کرتے کرتے تھک گئی ہیں اور اب وہ اداکاری کرنا چاہتی ہیں۔

ناشپتی پرائم کے یوٹیوب شو ’بائے دی وے‘ میں بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں صدف کنول نے انکشاف کیا کہ میڈیا انڈسٹری سے وابستہ لڑکیاں سگریٹ نوشی کرتی ہیں، باقی نشوں کا انہیں علم نہیں۔

انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی سگریٹ نوشی کرتی رہی ہیں تاہم 7 ماہ سے انہوں نے سگریٹ پینا ترک کردیا ہے۔

صدف کنول نے اسی موضوع کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے علاوہ عام گھریلو لڑکیاں بھی سگریٹ نوشی کرتی ہیں، یہاں تک کہ جو لوگ سگریٹ نوشی کے خلاف بات کرتے ہیں خود ان کے گھروں کی لڑکیاں بھی سگریٹ پیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدف کنول کے کیف و سرور کے چرچے

ماڈل و اداکارہ کے مطابق انہوں نے عام ہوٹل پر جاتے وقت دوپٹے میں ملبوس لڑکیوں کو سگریٹ پیتے دیکھا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صدف کنول نے بتایا کہ ان کی زندگی میں بہت سارے لڑکے آئے تاہم انہیں لڑکوں کو سمجھانا اور خود سے دور رکھنے کا فن آتا ہے۔

صدف کنول نے کیف و سرور میں عربک اسٹائل میں ڈانس کیا تھا—اسکرین شاٹ
صدف کنول نے کیف و سرور میں عربک اسٹائل میں ڈانس کیا تھا—اسکرین شاٹ

صدف کنول کا کہنا تھا کہ انہیں کسی کی دھلائی کرنے کے لیے ہاتھ چلانے کی ضرورت نہیں پڑتی، وہ منہ سے ہی دھلائی کردیتی ہیں۔

انٹرویو کے دوران صدف کنول نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ ماڈلنگ کرتے کرتے تھک گئی ہیں، اب وہ اداکاری کرنا چاہتی ہیں اور بہترین ماڈل کے ایوارڈ کی طرح بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنا ان کا خواب ہے۔

ان کے مطابق کسی بھی شخص کو بڑی اسکرین پر تب آنا چاہیے جب اسے کام کے لیے کوئی اچھا ڈائریکٹر ملے اور ساتھ ہی اسے اداکاری بھی آتی ہو، کیوں کہ ہر چہرہ بڑی اسکرین کے لیے نہیں ہوتا۔

مزید پڑھیں: شادی کے بعد صدف کنول کا آئٹم گانے نہ کرنے کا اعلان

صدف کنول نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسے سجل علی کا چہرہ فلموں کے لیے نہیں بلکہ ڈراموں کے لیے موزوں ہے، کیوں کہ اگر وہ فلموں میں کام کریں گی تو بچی لگیں گی۔

اداکارہ کے مطابق فلموں میں کام کرنا ان کی خواہش ہے اور جب بھی انہیں کسی اچھے کردار کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کام کریں گی۔

انہوں نے ’نامعلوم افراد 2‘ میں آئٹم سانگ کرنے کے حوالے سے بتایا کہ وہ اچھی ڈانسر ہیں اور انہیں ’کیف و سرور‘ میں پرفارمنس کرکے بہت مزہ آیا۔

اداکارہ کے مطابق آئٹم سانگ کرنے کے بعد لوگوں نے گالیاں دیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق آئٹم سانگ کرنے کے بعد لوگوں نے گالیاں دیں—فوٹو: انسٹاگرام

ساتھ ہی اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ آئٹم گانا کرنے کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا تاہم لوگوں نے انہیں ایسا گانا کرنے پر گالیاں دیں۔

صدف کنول نے انٹرویو کے دوران اپنی ذاتی زندگی پر بھی بات کی اور بتایا کہ ان کا تعلق ہزارہ علاقے سے ہے اور ان کی پیدائش بالا کوٹ میں ہوئی تاہم وہ کم عمری میں ہی اہل خانہ سمیت کراچی منتقل ہوگئی تھیں۔

ان کے مطابق چوں کہ اردو ان کی مادری زبان نہیں ہے، اس وجہ سے بعض مرتبہ ان کی کہی گئی بات کو غلط بھی سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ناانصافی پر خواتین کو کئی سال تک خاموش نہیں رہنا چاہیے، صدف کنول

اداکارہ نے ماضی میں علی ظفر و میشا شفیع کیس کے حوالے سے اپنے دیے گئے متنازع بیان پر بھی بات کی اور دعویٰ کیا کہ وہ کچھ اور کہنا چاہتی تھیں مگر ان کی بات کا مطلب دوسرا نکالا گیا۔

صدف کنول نے دسمبر 2018 میں ایچ ایس وائے کے شو میں کہی گئی بات کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے ساتھ کبھی ’می ٹو‘ نہیں ہوا اور اگر ان کے ساتھ ایسا ہوگا تو وہ اسی وقت سب کو بتادیں گی، وہ سوشل میڈیا پر بعد میں ’می ٹو‘ کا ذکر نہیں کریں گی۔

اداکارہ کو مذکورہ بیان پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا تاہم اب اداکارہ نے اس پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ کچھ اور سمجھانا اور کہنا چاہتی تھی مگر ان کی بات کو مطلب کچھ اور نکالا گیا۔

صدف کنول نے انٹرویو کے دوران اپنی ذاتی زندگی پر بھی بات کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
صدف کنول نے انٹرویو کے دوران اپنی ذاتی زندگی پر بھی بات کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پروگرام میں صدف کنول نے اپنی مادری زبان ہندکو میں بھی میزبان سے بات کی، ایک سوال کے جواب میں صدف کنول نے بتایا کہ وہ ماورا حسین کو نہیں جانتیں۔

انہوں نے سجل علی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بال لمبے کریں، مہوش حیات کو وزن کم کرنے اور مایا علی کو وزن بڑھانے کا مشورہ بھی دیا اور ساتھ ہی کہا کہ ماہرہ خان جیسی ہیں، ویسی ہی رہیں۔

صدف کنول نے حمزہ علی عباسی کو بھی وزن کم کرنے کا مشورہ دیا، اسی طرح انہوں نے عمران عباس کو مشورہ دیا کہ وہ میک اپ کم لگائیں جب کہ شہریار منور کو کہا کہ وہ اب بڑے ہوجائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں