واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے اپنے پلیٹ فارم پر ایک اکاؤنٹ بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے کی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

توقع کی جارہی تھی کہ اسے 2020 میں ہی متعارف کرا دیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا۔

ملٹی ڈیوائس سپورٹ واٹس ایپ صارفین کے لیے بہت اہم ہوگی کیونکہ وہ اپنے اکاؤنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرسکیں گے اور اس کو متعارف کرانے کے حوالے سے پیشرفت ہوئی ہے۔

ملٹی ڈیوائس سپورٹ سے منسلک ایک نیا فیچر آئی او ایس کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن کا حصہ بن گیا ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق آئی او ایس کے لیے واٹس ایپ بیٹا ورژن 2.21.30.16 میں لاگ آؤٹ نامی نیا فیچر سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ملٹی ڈیوائس سپورٹ کا حصہ ہے اور جیسا نام سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ صارفین کو مختلف ڈیوائسز سے اپنے اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

یہ نیا فیچر واٹس ایپ لے لنکڈ ڈیوائسز انٹرفیس میں 'ڈیلیٹ اکاؤنٹ' آپشن کی جگہ لے گا۔

مختلف رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک اکاؤنٹ کو 4 ڈیوائسز میں استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی اور یہ نیا فیچر اسی حوالے سے ہے۔

جب ملٹی سپورٹ ڈیوائس تمام صارفین کو دستیاب ہوگی تو ہوسکتا ہے کہ اس فیچر میں کچھ تبدیلیاں لائی جائیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں کام کررہا ہے تاہم یہ پبلک بیٹا یوزر کو دستیاب نہیں۔

جلد یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل دسمبر 2020 میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ واٹس ایپ میں ملٹی ڈیوائس سپورٹ پر کالز کو کس طرح کونفیگر کیا جاسکے گا۔

اس سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی اس فیچر کو جلد متعارف کرانے کے لیے سنجیدہ ہے اور بہت جلد صارفین کے لیے اسے پیش کیا جاسکتا ہے۔

تاہم ابھی اس کی دستیابی کی تاریخ کے حوالے سے کچھ کہنا مشکل ہے۔

متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے جولائی 2019 میں خبر سامنے آئی تھی اور WABetainfo نے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔

اس سے قبل جو رپورٹس سامنے آئی تھی ان کے مطابق ملٹی ڈٰوائس سپورٹ کے دوران مین ڈیوائس کو واٹس ایپ ویب کی طرح متحرک انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

آسان الفاظ میں اگر فون آپ کے پاس موجود نہ ہو تو بھی واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ویب یا دیگر ڈیوائسز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا بالکل فیس بک میسنجر کی طرح۔

اس فیچر کو لنکڈ ڈیوائسز کا نام دیا جائے گا اور واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائس سپورٹ کے لیے ڈیسک ٹاپ ورژن کا نیا یوزر انٹرفیس بھی متعارف کرایا جائے گا۔

ایپ میں یہ فیچر صارف اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو نئی ڈیوائس سے منسلک کرسکیں گے جبکہ لنکڈ ڈیوائسز کی فہرست بھی دیکھ سکیں گے۔

خیال رہے کہ اس وقت صارف صرف ایک موبائل فون میں لاگ ان ہوسکتا ہے اور کمپیوٹر ویب براؤز پر ویب ورژن پر استعمال کرسکتا ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائس کا قریب ہونا ضروری ہے۔

اگر صارف کسی دوسرے فون میں اپنا اکاؤنٹ استعمال کرنا چاہے تو نئے سرے سے سائن ان کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں