پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر الیکشن لڑتے ہیں، یوسف رضا گیلانی

13 فروری 2021
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں، پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر الیکشن لڑتے ہیں، کبھی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں کیا۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ڈی ایم رہنماؤں سمیت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میں واحد متفقہ وزیر اعظم نامزد ہوا تھا، اپوزیشن نے بھی مجھے ووٹ دیا اس میں کونسا پیسہ ملوث تھا'۔

انہوں نے کہا کہ 'آئین کے مطابق الیکشن ہوگا تو لوگ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کریں گے جس میں وہ امیدوار، پارٹی کی کارکردگی اور پی ڈی ایم کے الائنس کو بھی دیکھیں گے'۔

مزید پڑھیں: الیکٹورل کالج سے اپیل ہے تحریک انصاف کی مدد کریں، عبدالحفیظ شیخ

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین دیا اور اپنے اتحادی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اسے اس کی اصل حالت میں بحال بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم قانون کی حکمرانی، آئینی اختیارات پر یقین رکھتے ہیں اور ہر ایک کو آئین کے دائرے میں رہ کر اپنا کام کرنا چاہیے اس سے کوئی تصادم نہیں ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ 'پی ڈی ایم کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں، مجھے ٹکٹ دینے پر اپنی پارٹی قیادت اور پی ڈی ایم کا مشکور ہوں'۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جہانگری ترین میرے عزیز ہیں مگر ان سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر ہمیں موقع ملا تو قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کارکردگی میں بہت بڑا فرق نظر آئے گا'۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے سینیٹ میں خواتین کی نشست سے ہماری جماعت سے شیری رحمٰن، پلواشہ خان، خیر النسا مغل کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی نے حفیظ شیخ، ثانیہ نشتر سمیت 13 کو اُمیدوار نامزد کردیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار فرح اکبر ہوں گی۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی ووٹنگ اوپن بیلٹ نہیں ہوتی، اگر اس کی تبدیلی چاہیے تو پارلیمانی کمیٹی بننی چاہیے جہاں اس پر بحث ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر سینیٹ انتخابات اوپن ہوں گے تو قومی اسمبلی اور صوبائی انتخابات بھی اوپن کرانے پڑیں گے'۔

یوسف رضا گیلانی نے اسی پر کہا کہ 'آئین میں ترمیم طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے، جہاں ووٹوں کی بات ہورہی ہے اس موقع پر آرڈیننس آئے گا تو بہت سارے خدشات ذہن میں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ حق صرف پارلیمنٹ کا ہے کہ اور صرف وہہ آئین میں ترمیم کرسکتا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں