• KHI: Maghrib 7:24pm Isha 8:50pm
  • LHR: Maghrib 7:08pm Isha 8:44pm
  • ISB: Maghrib 7:18pm Isha 8:58pm
  • KHI: Maghrib 7:24pm Isha 8:50pm
  • LHR: Maghrib 7:08pm Isha 8:44pm
  • ISB: Maghrib 7:18pm Isha 8:58pm

نادیہ خان کے شوہر کی سابق اہلیہ کا دعویٰ کرنے والی خاتون سامنے آگئیں

شائع February 13, 2021
لبنیٰ فاروق نے دعویٰ کیا کہ ان کی اور فیصل ممتاز کی شادی 8 جون 2019 کو ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
لبنیٰ فاروق نے دعویٰ کیا کہ ان کی اور فیصل ممتاز کی شادی 8 جون 2019 کو ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اداکارہ و میزبان نادیہ خان سے گزشتہ ماہ 2 جنوری کو رشتہ ازدواج میں بندھنے والے سابق ایئر فورس افسر فیصل ممتاز راؤ کی سابق اہلیہ کا دعویٰ کرنے والی خاتون سامنے آگئیں۔

فیصل ممتاز راؤ نے 3 جنوری 2021 کو نادیہ خان سے شادی کے بندھن میں بندھنے کی تصدیق کی تھی اور گزشتہ ہفتے ہی نادیہ خان اور فیصل ممتاز نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کس طرح انہیں محبت ہوئی اور کیسے ان دونوں نے محض 10 میں شادی کی۔

فیصل ممتاز اور نادیہ خان نے گزشتہ ہفتے جاری کی گئی ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان دونوں کی ملاقات شادی سے محض 4 ماہ قبل ہی ہوئی تھی اور پہلی ملاقات کے دوران ہی ان کی محبت ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر دونوں نے والدین اور اپنے سابق بچوں کی رضامندی سے شادی کی۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ خان نے شادی کے لیے کون سی دو شرائط رکھی تھیں؟

دونوں نے اگرچہ اعتراف کیا تھا کہ انہیں پہلی شادیوں سے بچے بھی ہیں، تاہم دونوں نے ویڈیو میں یہ نہیں بتایا تھا کہ ان دونوں نے پہلے کتنی شادیاں کی تھیں؟

اور اب نادیہ خان سے دوسری شادی کرنے والے فیصل ممتاز راؤ کی دوسری اور سابق اہلیہ کا دعویٰ کرنے والی خاتون لبنیٰ فاروق سامنے آگئیں۔

میرے والد، دادا اور نانا بھی فوج میں تھے، لبنیٰ فاروق کا دعویٰ—اسکرین شاٹ
میرے والد، دادا اور نانا بھی فوج میں تھے، لبنیٰ فاروق کا دعویٰ—اسکرین شاٹ

لبنیٰ فاروق نامی خاتون نے اپنے یوٹیوب چینل پر 35 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ وہ نادیہ خان کے شوہر کی دوسری اور سابق اہلیہ ہیں۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ نادیہ خان سے فیصل ممتاز نے تیسری شادی کی، تاہم انہیں یہ معلوم نہیں کہ ان کے سابق شوہر کی کتنی خفیہ شادیاں ہیں۔

مزید پڑھیں: نادیہ خان نے شادی کی تصدیق کردی

خاتون نے طویل دورانیے کی ویڈیو میں اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے، تاہم فیصل سے ان کی ملاقات بحرین میں ہوئی تھی۔

خاتون نے بتایا کہ وہ ماضی میں جیو ٹی وی کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں اور ان کے والد، دادا اور نانا پاک فوج میں کرنل کے عہدوں تک تعینات رہے ہیں۔

لبنیٰ فاروق نے فیصل ممتاز کے ساتھ کھچوائی گئی ایک تصویر بھی ویڈیو میں دکھائی—اسکرین شاٹ
لبنیٰ فاروق نے فیصل ممتاز کے ساتھ کھچوائی گئی ایک تصویر بھی ویڈیو میں دکھائی—اسکرین شاٹ

لبنیٰ فاروق نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنے شوہر کے ساتھ پاکستان سے بحرین منتقل ہوگئی تھیں اور انہیں پہلے شوہر سے ایک بیٹا بھی ہے، تاہم بعض وجوہات کی وجہ سے انہیں پہلے شوہر سے طلاق لینی پڑی۔

خاتون نے بتایا کہ ممکن ہے کہ ان کی جانب سے دوسری شادی کیے جانے کی وجہ سے لوگ انہیں خراب عورت ہی کہیں۔

لبنیٰ فاروق نے بتایا کہ انہوں نے بحرین میں شاہی خاندان کے ساتھ بھی کام کیا ہے اور شاہی خاندان کے ساتھ کام کے وقت ہی پہلی بار فیصل ممتاز ان سے ملے اور ملتے ہی انہیں شادی کی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ خان نے شادی کی تصاویر شیئر کردیں

خاتون کے مطابق وہ فیصل ممتاز کی جانب سے شادی کی فوری پیش کش پر خوش ہوئیں اور ان دونوں نے ایک دوسرے کو اپنی ماؤں سے ملوایا اور جلدی میں 8 جون 2019 کو شادی کرلی۔

لبنیٰ فاروق کے مطابق شادی کے بعد وہ بحرین سے دبئی منتقل ہوگئیں، کیوں کہ فیصل ممتاز اس وقت دبئی ایئرفورس میں ملازمت کر رہے تھے۔

انہوں نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ فیصل ممتاز نے ان سے قبل شمع نامی خاتون سے شادی کی تھی، تاہم انہیں بھی طلاق دی تھی اور انہوں نے سابق شوہر کی سابق اہلیہ کی مبینہ آڈیو بھی سنوائی۔

نادیہ خان اور فیصل ممتاز نے شادی کی تصویر 2 جنوری 2021 کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
نادیہ خان اور فیصل ممتاز نے شادی کی تصویر 2 جنوری 2021 کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

خاتون کے مطابق فیصل ممتاز کی سابق اہلیہ شمع نے انہیں شادی سے قبل ہی موبائل پیغامات بھیج کر فیصل کی اصلیت بتائی تھی مگر انہوں نے ان پر یقین نہیں کیا۔

لبنیٰ فاروق نے دعویٰ کیا کہ شادی کے بعد فیصل ممتاز نے انہیں دبئی میں ایک قیدی کی طرح قید کرلیا اور انہوں نے اپنی شادی کو بچانے کی خاطر والدہ سے رابطہ تک منقطع کردیا تھا۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ فیصل ممتاز کے ساتھ کچھ مسائل تھے، وہ خود کو کافی دیر تک باتھ روم میں بند کردیتے، گھر کی چیزیں توڑتے اور یہاں تک کہ خود پر تشدد بھی کرتے اور شادی کے فوری بعد ہی ان کی زندگی میں مسائل آنا شروع ہوگئے۔

مزید پڑھیں: نادیہ خان نے ولیمے کی تصاویر شیئر کردیں

لبنیٰ فاروق کے مطابق 26 اپریل 2020 کو فیصل ممتاز کو دبئی ایئرفورس سے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث ملازمت سے فارغ کردیا گیا، جس کے بعد وہ مزید بگڑ گئے اور انہوں نے بیوی کو جولائی 2020 کے آخر میں طلاق دے دی۔

خاتون نے ویڈیو میں شوہر کی جانب سے طلاق دیے جانے کی مختلف تاریخیں اور مہینے بتائے۔

لبنیٰ فاروق نے بتایا کہ انہیں جولائی کے آخر میں طلاق دی گئی پھر ویڈیو میں ایک جگہ دعویٰ کیا کہ انہیں ستمبر 2020 میں طلاق ملی اور پھر ایک اور جگہ دعویٰ کیا کہ ان کی طلاق اکتوبر 2020 میں ہوئی۔

نادیہ خان اور فیصل ممتاز نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کی پہلے بھی شادیاں ہوچکی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
نادیہ خان اور فیصل ممتاز نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کی پہلے بھی شادیاں ہوچکی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیصل ممتاز نے اکتوبر 2020 میں ہی نادیہ خان سے منگنی کی اور دلیل دی کہ اداکارہ کی اکتوبر کی ویڈیوز و تصاویر میں انہیں منگنی کی انگوٹھی میں دیکھا جا سکتا ہے۔

خاتون نے ویڈیو میں فیصل ممتاز کے ساتھ شادی کی ایک تقریب میں کھچوائی گئی تصویر بھی شیئر کی اور ساتھ ہی شوہر کے بیٹے کی اپنے بیٹے کے ہمراہ ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ خان کی شادی کے بعد خاندان پر کھل کر بات چیت

انہوں نے ویڈیو میں نادیہ خان پر تنقید کرنے کے بجائے فیصل ممتاز کے حوالے سے ہی بات کی اور بتایا کہ ان کی سابق اہلیہ شمع نے انہیں شادی سے قبل ہی بتایا تھا کہ ’فیصل کا کام عورتوں کو ذلیل کرنا ہے‘ تاہم اس وقت انہوں نے ان کی بات پر یقین نہیں کیا تھا۔

لبنیٰ فاروق نے مذکورہ ویڈیو 8 فروری کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور انہیں ایک لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔

پہلی ویڈیو کو اتنا زیادہ دیکھے جانے کے بعد لبنیٰ فاروق نے یوٹیوب پر 12 فروری کو ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ عام افراد کا شکریہ ادا کرتی دکھائی دیں۔

لبنیٰ فاروق کے یوٹیوب پر 13 فروری کی صبح تک محض مذکورہ دونوں ویڈیوز موجود تھیں اور ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 5 ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

لبنیٰ فاروق نامی خاتون کی ویڈیو آنے کے بعد تاحال فیصل ممتاز نے کوئی رد عمل نہیں دیا اور نہ ہی نادیہ خان نے اس پر کوئی بات کی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sami Feb 14, 2021 01:26pm
Possibly Faisal Mumtaz will marry again..

کارٹون

کارٹون : 16 جولائی 2024
کارٹون : 15 جولائی 2024