زویا ناصر نے مسلمان ہونے والے جرمن یوٹیوبر سے منگنی کرلی

20 فروری 2021
دونوں کےدرمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات تھے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کےدرمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات تھے—فوٹو: انسٹاگرام

رواں ماہ کے آغاز میں مذہب اسلام میں داخل ہونے والے جرمن نژاد یوٹیوبر کرسٹین بیٹزمین المعروف کرس بیٹزمین نے دیرینہ دوست اداکارہ زویا ناصر سے منگنی کرلی۔

کرسٹین بیٹزمین المعروف کرس بیٹزمین اور زویا ناصر کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات تھے، تاہم انہیں گزشتہ ایک سال سے انتہائی قریب دیکھا گیا۔

دونوں گزشتہ ایک سال سے ایک ساتھ بنائی گئی ویڈیوز و تصاویر شیئر کرتے آ رہے تھے جب کہ دونوں ایک دوسرے کو بہترین دوست بھی قرار دیتے رہے تھے۔

کرسٹین بیٹزمین المعروف کرس بیٹزمین کی جانب سے ایک سال سے زائد عرصے تک پاکستان میں رہنے اور رواں ماہ کے آغاز میں مذہب اسلام میں داخل ہونے کے بعد پہلے ہی یہ چہ مگوئیاں تھیں کہ وہ زویا ناصر سے شادی کریں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کرس بیٹزمین کی جانب سے اسلام قبول کرنے کے بعد ہی ان کے مداحوں نے ان سے پوچھا تھا کہ اب وہ کب تک زویا ناصر سے شادی کریں گے۔

اگرچہ اس وقت کرس بیٹزمین اور زویا ناصر نے مداحوں کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا تھا مگر اب دونوں نے تصدیق کی ہے کہ ان دونوں نے منگنی کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام قبول کرنے والے جرمن یوٹیوبر اداکارہ زویا ناصر سے شادی کرنے والے ہیں؟

کرس بیٹزمین اور زویا ناصر نے 19 فروری کو انسٹاگرام پوسٹس اور یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے تصدیق کی کہ دونوں نے منگنی کرلی۔

زویا ناصر نے کرس بیٹزمین کی جانب سے انگوٹھی پہنائے جانے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب کرس نے ان سے زندگی کا ساتھی بننے کی پیش کش کی تو وہ ہاں کیے بغیر نہ رہ سکیں۔

اداکارہ نے کرس بیٹزمین کی جانب سے پیار اور ساتھ دینے پر اس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اسی طرح کرس بیٹزمین نے بھی منگنی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، تاہم انہوں نے ساتھ ہی کیپشن میں 6 فروری کی تاریخ بھی درج کی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں نے دو ہفتے قبل ہی منگنی کی تھی۔

دونوں نے بعد ازاں منگنی کے حوالے سے اپنے یوٹیوب چینلز پر ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں انہوں نے ایک دوسرے کو زندگی کا ساتھی منتخب کرنے کے حوالے سے بتایا۔

ویڈیو میں بتایا گیا کہ دونوں نے جزیرہ نما ملک بہاماس میں منگنی کی، تاہم ویڈیوز میں دونوں نے منگنی کی تاریخ نہیں بتائی۔

زویا ناصر نے منگنی کرنے کے بعد اہل خانہ اور قریبی دوستوں کو ویڈیو کال کے ذریعے خوشخبری بھی سنائی اور ان کی جانب سے خوشخبری سنائے جانے کی ویڈیو بھی یوٹیوب پر جاری کی گئی۔

زویا ناصر کی والدہ، بہن اور بھائی کو ان کی جانب سے منگنی کیے جانے پر جذباتی دیکھا گیا اور انہوں نے شکرانے ادا کیے کہ اداکارہ نے زندگی کے ساتھی کا انتخاب کرلیا۔

کرس بیٹزمین کی جانب سے منگنی کی پوسٹ میں 6 فروری کو درج کیے جانے کے بعد چہ مگوئیاں ہوگئیں کہ انہوں نے منگنی سے محض ایک دن قبل ہی اسلام قبول کیا تھا۔

دونوں نے بہاماس میں منگنی کی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے بہاماس میں منگنی کی—فوٹو: انسٹاگرام

کرس بیٹزمین نے 5 فروری کو مذہب اسلام میں داخل ہونے کی پوسٹس اور ویڈیوز شیئر کیں تھیں جب کہ 19 فروری کو ان کی جانب سے منگنی کی گئی پوسٹ میں منگنی کی تاریخ 6 فروری درج کی گئی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں کب تک شادی کریں گے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں رواں سال کے اختتام تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔

دونوں سوشل میڈیا پر رومانوی تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں سوشل میڈیا پر رومانوی تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں