پی ایس ایل 2021: اسلام آباد یونائیٹڈ کی سلطانز کے خلاف شان دار فتح

اپ ڈیٹ 21 فروری 2021
اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
شاداب خان نے نصف سنچری بنائی —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
شاداب خان نے نصف سنچری بنائی —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا —فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا —فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو لوئس گریگوری کی ناقابل شکست 49 رنز کی اننگز کی بدولت 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ 2021 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی 71 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس اسلام آباد کے شاداب خان نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو کرس لین صرف ایک رن بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کپتان محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے جیمز وینس آئے اور دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن جیمز وینس 16 رنز بنا کر گریگوری کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی کارکردگی جاری رکھی اور شان دار کھیل پیش کیا۔

محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی لیکن دوسرے اینڈ پر بلے باز آؤٹ ہوتے رہے، رلی روسو نے 25 رنز بنا کر 87 کے مجموعے تک ساتھ ضرور دیا۔

صہیب مقصود ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 2 رنز بنا کر محمد وسیم جونیئر کی پہلی وکٹ بن گئے اور خوشدل شاہ بھی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے شان دار نصف سنچری مکمل کی۔

سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے 71 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد وسیم کی ایک شان دار گیند پر بولڈ ہوگئے۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان باؤلر محمد وسیم دوسری گیند پر شاہد آفریدی کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک کے موقع پر آئے تاہم کارلوس بریتھویٹ نے چوکا لگا ان کی امیدیں ختم کردیں۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔

محمد وسیم نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے میچ میں شان دار کارکردگی دکھائی اور سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، گریگوری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے بیٹنگ شروع کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 30 رنز بنائے تاہم محمد عمر نے فل سالٹ کی وکٹ حاصل کرکے سلطانز کو پہلی کامیابی دلا دی۔

کارلوس بریتھویٹ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو رلی روسو کے ہاتھوں کیچ کروایا۔

شاہد آفریدی بیٹنگ میں ناکام رہے لیکن اپنے پہلے ہی اوور میں خطرناک بلے باز ہیلز کی وکٹیں اڑا دیں اور یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا دیا۔

شاہد آفریدی نے آصف علی کو وینس کے ہاتھوں کیچ کرایا اور شان دار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افتخار احمد کو رن آؤٹ کرکے اسلام آباد کو مسلسل نقصان پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 11 اوورز میں 6 وکٹیں 74 رنز پر گنوا دی تھیں تاہم لیوس گریگوری نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر اسکور 111 رنز تک پہنچایا۔

خوشدل شاہ نے حسین طلعت کی اننگز 9 رنز پر تمام کردی جبکہ بریتھویٹ نے فہیم اشرف کو آؤٹ کیا جنہوں نے 22 رنز بنائے تھے۔

لوئس گریگوری نے 19ویں اوور میں تجربہ کار سہیل تنویر کے اوور میں ایک چھکا اور مسلسل تین چوکے مار کر اسکور برابر کردیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا کر 3 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

گریگوری ایک رن کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہیں کر پائے لیکن ٹیم کو 3 وکٹوں سے کامیابی دلائی اور ان کے ساتھ ظفر گوہر 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کے بریتھویٹ اور شاہد آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی۔

گریگوری کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، رلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھویٹ، سہیل تنویر، محمد عمر، صہیب اللہ

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، الیکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لیوس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر، محمد وسیم جونیئر

قبل ازیں پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو باآسانی 4 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قلندرز کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا تھا، جو قلندرز نے محمد حفیط کی 33 اور راشد خان کی 27 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پی ایس ایل زلمی کا افتتاحی میچ دفاعی چمپیئن کراچی نے جیت لیا تھا جہاں سرفراز کی قیادت میں کوئٹی گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 121 رنز بنائے تھے۔

کراچی کنگز نے آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں حاصل کرکے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں