جوکووچ کی آسٹریلین اوپن میں ریکارڈ 9ویں فتح

اپ ڈیٹ 21 فروری 2021
جوکووچ نے فائنل میں روس کے اسٹار کھلاڑی کو شکست دی — فوٹو: اے ایف پی
جوکووچ نے فائنل میں روس کے اسٹار کھلاڑی کو شکست دی — فوٹو: اے ایف پی

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں روس کے نوجوان کھلاڑی ڈینل میڈویڈوف کو شکست دے کر 9واں ٹائٹل حاصل کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔

خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق میلبورن پارک میں جوکووچ نے ڈینل میڈویڈوف کو ایک گھنٹے 53 منٹ پر مشتمل میچ میں 5-7، 2-6 اور 2-6 سے شکست دی اور اپنا ریکارڈ بہتر کیا۔

سربیا سے تعلق رکھنے والے جوکووچ نے 2008 میں پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی اور ٹائٹل حاصل کرنے والے سربیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے تھے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جوکووچ اور نڈال مدمقابل

اپنے پہلے فائنل میں انہوں نے فرانس کے جو ولفریڈ ٹی سونگا کو شکست دی تھی اور کہا تھا کہ مجھے اندازہ نہیں ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران میں نے کیا حاصل کیا ہے۔

جوکووچ نے 3 سال کے وقفے کے بعد 2011 میں اینڈے مرے کو شکست دی تھی جبکہ سیمی فائنل میں دفاعی چمپیئن راجر فیڈرر کو باہر کردیا تھا۔

آسٹریلین اوپن 2012 کے فائنل میں طویل ترین فائنل کھیلا گیا جب رافیل نڈال نے جوکووچ کو چمپیئن بننے کے لیے ایک دن کا انتظار کروایا جو اوپن دور کا طویل ترین فائنل قرار دیا گیا۔

جوکووچ نے 5 گھنٹے 53 منٹ کے طویل ترین فائنل میں کامیابی کے بعد منفرد انداز میں جشن منایا۔

رافیل نڈال نے شکست کے بعد کہا تھا کہ یہ میچ میرے لیے اب تک کا جسمانی لحاظ سے مشکل ترین میچ تھا۔

سربین اسٹار نے 2013 میں ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک کی اور فائنل میں مرے کو شکست دی، جس کے بعد 2015 میں واورینکا کو شکست دی اور 2016 میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

دو سال تک انجری کا شکار رہنے کے بعد جوکووچ نے 2019 میں فاتح بن کر پیٹ سمپراس کے 15 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

جوکووچ نے 2020 میں راجر فیڈرر کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست سے دوچار کرکے 8واں ٹائٹل اور ٹور سطح پر 900ویں کامیابی اپنے نام کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں