اوپو نے نئی وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی کو پیش کیا ہے جو اسمارٹ فون کو 10 سینٹی میٹر کے فاصلے سے بھی چارج کرسکے گی۔

کمپنی کی جانب سے وائرلیس ایئرچارجنگ ٹیکنالوجی کا مظاہرہ شنگھائی میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر کیا گیا۔

اس مقصد کے لیے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر 30 سیکنڈ کی ایک ویڈیو چلائی گئی۔

اس ویڈیو میں اوپو کے کانسیپٹ رول ایبل ایکس 2021 فون کو دکھایا گیا تھا جس کا اعلان نومبر 2020 میں کیا گیا تھا۔

یہ فون چارجنگ پیڈ سے 10 سینٹی میٹر دور چارج ہوتے ہوئے دکھایا گیا اور کمپنی کے مطابق یہ ٹیکنالوجی 7.5 واٹ اسپیڈ سے ڈیوائس کو چارج کرسکتی ہے۔

اوپو پہلی کمپنی نہین جس نے اس طرح کی وائرلیس ایئر چارجنگ ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا ہے، اس سے قبل شیاؤمی اور موٹرولا کی جانب سے بھی اس طرح کی ٹیکنالوجیز کو رواں سال کے دوران پیش کیا گیا۔

جنوری 2021 میں شیاؤمی نے می ایئر چارج ٹیکنالوجی کو پیش کرنے کا اعلان کیا تھا جو متعدد میٹر کی دوری سے بیک وقت کئی ڈیوائسز کو 5 واٹ اسپیڈ سے چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس سے اگلے دن موٹرولا کی جانب سے 100 میٹر دوری سے فون کی جارجنگ کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔

اوپو کے مطابق وائرس ایئر چارجنگ ٹیکنالوجی مقناطیسی resonance کو استعمال کرکے 7.5 واٹ پاور فون کو فراہم کرتی ہے۔

یہ شیاؤمی کی می ایئر چارج جتنی متاثر کن تو نہیں جس میں ملی میٹر ویوی آر ایف کو استعمال کیا جاتا ہے، تاہم شیاؤمی کی ٹیکنالوجی کے لیے زیادہ مہنگے چارجنگ اسٹیشن کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

شیاؤمی نے تصدیق کی ہے کہ اس کی ٹیکنالوجی کمرشل استعمال کے لیے رواں سال جاری نہیں ہوسکے گی جبکہ اوپو نے بھی اس ٹیکنالوجی اور اپنے کانسیپٹ فون کو متعارف کرانے کی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

اس طرح کی نئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ کمپنیوں کی جانب سے روایتی وائرلیس چارجنگ کو بھی فاسٹ بنانے پر کام کیا جارہا ہے۔

شیاؤمی کی جانب سے 80 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ پر کام ہورہا ہے جبکہ اوپو نے 65 واٹ وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں