گوگل نے اپنی مقبول ترین سروس میپس کے لیے ڈارک موڈ کو متعارف کرادیا ہے۔

گوگل نے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر میں میپس استعمال کرنے والے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ڈارک موڈ کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے میپس میں ڈارک موڈ کی آزمائش ستمبر 2020 سے کی جارہی تھی اور محدود تعداد میں صارفین کو اس میں شامل کیا گیا تھا۔

کمپنی کے مطابق ڈارک موڈ دنیا بھر میں اینڈرائیڈ صارفین کو بہت جلد دستیاب ہوگا۔

یہ گوتگل میپس کے لیے آفیشل ڈارک موڈ ہے جو ایپ کو لائٹ سے ڈارک تھیم میں تبدیل کردیتا ہے۔

گوگل میپس میں پہلے ہی رات کو کم روشنی والے علاقوں میں نیوی گیشن کے دوران ایپ معمولی ڈارک موڈ پر منتقل ہوجاتی ہے۔

گوگل میپس میں ڈارک موڈ پر منتقل ہونے پر وہ گرے رنگ کے مختلف شیڈز میں تبدیل ہوجائے گی۔

کرنٹ ٹیب اور ڈائریکشنز سافٹ بلیو رنگ میں ڈسپلے ہوں گے۔

میپ کے بیک گراؤنڈ میں گرے کا گہرا ترین شیڈ استعمال ہوگا جبکہ اسٹریٹ نیم ہلکے گرے رنگ میں شو ہوں گے۔

گوگل میپس میں ڈارک موڈ کیسے استعمال کریں؟

اس مقصد کے لیے میپس میں سیٹنگ مینیو اوپن کریں اور نیچے اسکرول کرکے تھیم پر کلک کریں۔

وہاں آل ویز ان ڈارک تھیم کا انتخاب کرکے ڈارک موڈ پر سوئچ کیا جاسکتا ہے۔

اس کو بدلنے کے لیے وہاں جاکر آل ویز ان لائٹ تھیم پر وائس سوئچ کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ڈیوائس تھیم کو ڈارک موڈ پر بدل کر بھی گوگل میپ پر ڈارک موڈ کو استعمالل کیا جاسکتا ہے جبکہ گوگل میپس پر ڈارک موڈ کو ان ایبل کرنے پر بھی ڈیوائس کی سسٹم تھیم بھی ڈارک ہوجائے گی۔

ڈارک موڈ کے علاوہ گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے مزید فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

ان فیچرز میں گوگل میسجز میں پیغامات کو شیڈول کرنا، ٹاک بیک کا نیا ورژن، پاس ورڈ چیک اپ فیچر، گوگل اسسٹنٹ اپ ڈیٹس اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے نئے فیچرز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گوگل نے 2018 میں بتایا تھا کہ آپریٹنگ سسٹم اور ایپس میں ڈارک موڈ کی موجودگی کسی ڈیوائس کی بیٹری لائف بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔

اس موقع پر گوگل نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ نارمل موڈ کے مقابلے میں ڈارک تھیم سے یوٹیوب کو استعمال کرنے پر بیٹری پاور 43 فیصد کم استعمال ہوتی ہے، کیونکہ نارمل موڈ میں اسکرین بہت زیادہ سفیدی استعمال کرکے بیٹری تیزی سے خرچ کرتا ہے۔

مگر حیران کن طور پر گوگل نے اب تک اپنی مقبول ترین ایپ میپس کے لیے یہ فیچر متعارف نہیں کرایا تھا۔

خیال رہے کہ ڈارک موڈ کا استعمال اسمارٹ فون اور لیپ ٹاپ سے خارج ہونے والی روشنی سے آنکھوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں