• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 4:02pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 4:02pm

کوویکس پروگرام کے تحت کووڈ ویکسینز کی ترقی پذیر ممالک کو فراہمی کا آغاز

شائع February 24, 2021
— اے پی فوٹو
— اے پی فوٹو

دنیا بھر میں کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے کوویکس پروگرام کے تحت ویکسینز کی فراہمی کا آغاز افریقی ملک گھانا سے ہوگیا ہے۔

24 فروری کو کوویکس پروگرام کے تحت آکسفورڈ/ایسٹرازینیکا ویکسین کی 6 لاکھ خوراکیں گھانا کے دارالحکومت اکرا پہنچائی گئیں۔

خیال رہے کہ کوویکس پروگرام کی سربراہی مشترکہ طور پر عالمی ادارہ صحت، گیوی ویکسین الائنس، کولیشن آف اپڈیمیک پریپئرڈنس انوویشنز (سی ای پی آئی) کر رہے ہیں۔

اس کا مقصد غریب اور ترقی پذیر ممالک میں کووڈ کی روک تھام کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اب تک محض 10 ممالک میں 75 فیصد کووڈ ویکسینیشن ہوئی ہے، جسے عالمی ادارے نے غیرمنصفانہ قرار دیا۔

اب گھانا سے کوویکس پروگرام کا آغاز ہوا ہے جس کے بعد توقع ہے کہ ویکسینیز کی فراہمی میں توازن پیدا ہوسکے گا۔

گھانا میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر فرانسس کاسولو اور یونیسیف کی عہدیدار اینی کلاری ڈوفے نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ گھانا کو ویکسین کی فراہمی ایک اہم موقع ہے۔

کوویکس کے تحت ویکسینیشن کی تقسیم اور لاجسٹک مراحل کی ذمہ داری عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ گھانا میں ویکسین کی آمد وبا کے خاتمے کی جانب پیشرفت کے لیے انتہائی اہم ہے، یہ کھیپ تاریخ کے سب سے بڑی ویکسین سپلائی آپریشن کا آغاز بھی ہے۔

کوویکس کے تحت 2021 کے آخر تک کووڈ ویکسینز کی 2 ارب 30 کروڑ خوراکوں کو تقسیم کیا جائے گا، جن میں سے 92 ممالک کو ایک ارب 80 کروڑ خوراکیں مفت فراہم کی جائیں گی۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ویکسینز زندگیاں بچائیں گی، جبکہ طبی عملے اور دیگر اہم افراد کی ویکسینیشن سے حالات بتدریج معمول پر آنا شروع ہوجائیں گے۔

فروری کے شروع میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جون 2021 تک اس پروگرام کے تحت 33 کروڑ 72 لاکھ خوراکیں مختلف ممالک کو فراہم کی جائیں گی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کوویکس پروگرام کے تحت سب سے زیادہ بھارت کو 9 کروڑ 72 لاکھ، پاکستان کو ایک کروڑ 72 لاکھ، نائیجیریا کو ایک کروڑ 60 لاکھ، انڈونیشیا کو ایک کروڑ 37 لاکھ، بنگلہ دیش کو ایک کروڑ 28 لاکھ اور برازیل کو ایک کروڑ 6 لاکھ خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔

اس پروگرام کے لیے عالمی ادارہ صحت نے اب تک فائزر/بائیو این ٹیک اور ایسٹرازینیکا ویکسین کو ہنگامی استعمال کی منظوری دی ہے۔

حال ہی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا تھا کہ ایسٹرازینیکا ویکسین کی 28 لاکھ خوراکیں مارچ کے اوائل میں پاکستان کو دستیاب ہوں گی۔

اس کی مدد سے ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز 65 سال سے زائد عمر کے افراد سے ہوگا جس کی رجسٹریشن بھی جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024