پاک فضائیہ ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، صدر عارف علوی

اپ ڈیٹ 25 فروری 2021
عارف علوی نے کہا کہ 52 سال بعد بھی میراج طیاروں کو دفاع وطن کے قابل بنانا قابل ستائش ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز
عارف علوی نے کہا کہ 52 سال بعد بھی میراج طیاروں کو دفاع وطن کے قابل بنانا قابل ستائش ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا کردار انتہائی اہم ہے اور یہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق سرفراز رفیقی پی اے ایف بیس شورکوٹ میں میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فضائیہ دنیا کی واحد ایئر فورس ہے جو میراج طیاروں کو نہ صرف اڑا رہی ہے بلکہ ان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے دفاع وطن کے استحکام کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک کے جارحانہ اقدامات اور وسائل میں ہم سے کئی گنا بڑا ہونے کے باوجود پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع میں پی اے ایف کا کردار انتہائی اہم ہے اور یہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن کسی بھی جارحانہ اقدام کا سخت جواب دیا جائے گا، جس طرح 27 فروری 2019 کو دیا گیا تھا جب پاک فضائیہ نے بھارتی طیارہ مار گرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کسی بھی مہم جوئی سے پہلے 'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ' کو یاد رکھے، ایئر چیف

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 52 سال بعد بھی میراج طیاروں کو دفاع وطن کے قابل بنانا قابل ستائش ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو ان طیاروں کا باقاعدہ استعمال کر رہا ہے، ہمارے انجینئرز اور ٹیکنیشنز ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں جو محدود وسائل کے باوجود مختلف شعبوں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر 'کلر آف ایوارڈز' کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت نے پاکستان ایئر فورس کے سابق اور حاضر افسران و ٹیکنیشنز کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈز اور سووینیئرز سے نوازا۔

یہ ایوارڈز میراج طیاروں کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عطا کیے گئے۔

قبل ازیں صدر مملکت تقریب میں شرکت کے لیے پی اے ایف رفیقی بیس پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر خوبصورت رنگا رنگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا اور پی اے ایف کے اسکواڈرن نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کو سلامی دی، جبکہ صدر نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں