دنیا کا سب سے سستا 108 میگا پکسل کیمرا فون ریڈمی نوٹ 10 پرو

04 مارچ 2021
— فوٹو بشکریہ شیاؤمی
— فوٹو بشکریہ شیاؤمی

شیاؤمی نے دنیا کا سب سے سستا 108 میگا پکسل کیمرے والا اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے۔

یہ اسمارٹ فون شیاؤمی کی ریڈمی نوٹ 10 سیریز کا حصہ ہے جس کے مجموعی طور پر 4 ماڈلز پیش کیے گئے ہیں۔

ریڈمی نوٹ 1، نوٹ 10 پرو، نوٹ 10 ایس اور نوٹ 10 فائیو جی اس سیریز کا حصہ ہیں۔

ان فونز میں سے نوٹ 10 پرو دنیا کا سستا ترین 108 میگا پکسل کیمرا فون ہے بلکہ اس سیریز میں یہ واحد فون ہے جس میں بیک کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے۔

ریڈمی نوٹ 10 پرو

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

اس سیریز کا بہترین فون یہی ہے جس میں 6.7 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 24 ٹچ ریسپانس ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

فون کے اندر اسنیپ ڈراگون 732 جی پراسیسر موجود ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اس کی بیٹری 5020 ایم اے ایچ کی ہے جس کے ساتھ 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر سائیڈ پر ہے۔

فون کے بیک پر کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے اور جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے۔

اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 5 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا ہنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

اس کا 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل (43 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 299 ڈالرز (لگ بھگ 47 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 329 ڈالرز (51 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

ریڈمی نوٹ 10

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

ریڈمی نوٹ 10 میں 6.43 انچ کا امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اسنیپ ڈراگون 678 پراسیسر موجود ہے۔

فون کے اندر 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ 5000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔

فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے، جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسنگ کیمرے موجود ہیں۔

فون کے فرنٹ پر 13 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

اس فون کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 199 ڈالرز (31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 199 ڈالرز (31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 279 ڈالرز (لگ بھگ 44 ہزار روپے) کا ہے۔

ریڈمی نوٹ 10 ایس

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

ریڈمی نوٹ 10 ایس کافی حد تک نوٹ 10 سے ملتا جلتا ہے، یعنی 6.43 انچ امولیڈ ڈسپلے، 5000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ۔

دونوں میں فرق کیمرا سیٹ اپ اور پراسیسر کا ہے۔

نوٹ 10 ایس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جبکہ نوٹ 10 میں 48 میگا پکسل کیمرا دیا گیا۔

نوٹ 10 ایس کے باقی کیمرے نوٹ والے ہی ہیں، یعنی 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسنگ اور 13 میگا پکسل سیلفی کیمرے۔

اس فون میں میڈیا ٹیک ہیلیو جی 95 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 6 سے 8 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اس کا 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 229 ڈالرز (لگ بھگ 36 ہزار پاکستانی روپے)، 6/128 ورژن 249 ڈالرز (39 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 8/128 جی بی ماڈل 279 ڈالرز (لگ بھگ 44 ہزار پاکستانی روپے) کا ہوگا۔

ریڈمی نوٹ 10 فائیو جی

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

یہ اس سیریز کا واحد فون ہے جس میں امولیڈ ڈسپلے نہیں دیا گیا بلکہ 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا جس کے ساتھ 90 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ دی گئی ہے۔

فون کے اندر میڈیا ٹیک ڈیمینسٹی 700 پراسیسر چھپا ہوا جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسرز موجود ہیں، جبکہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا ہے۔

اس کا 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 199 ڈالرز (31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 128 جی بی والا فون 229 ڈالرز (لگ بھگ 36 ہزار پاکستانی روپے) کا ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں