• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 8 دہشت گرد ہلاک

شائع March 6, 2021
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ دہشت گرد 2009 سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے — فائل فوٹو / ڈان
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ دہشت گرد 2009 سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے — فائل فوٹو / ڈان

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے علاقوں بویا اور دوسلی میں دو الگ الگ آپریشنز کیے۔

آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کمانڈر عبدالانیر عرف عادل کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے طوفان گروپ، کمانڈر جنید عرف جامد کا تعلق ٹی ٹی پی طارق گروپ اور خالق شادین عرف ریحان کا تعلق ٹی ٹی پی صادق نور گروپ سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور علاقے کے شہریوں کے خلاف 2009 سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

یہ دہشت گرد ریموٹ کنٹرول دھماکوں، فائرنگ، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ان دہشت گردوں نے علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی بھرتیاں بھی کیں، جبکہ ان کے ٹھکانے سے گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیرستان خاص طور پر اس کے شمالی حصے میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، جس میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے تاہم اس دوران کئی جوانوں نے مملکت خداداد کی خاطر جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: 4 خواتین کے قتل میں ملوث دہشت گرد حسن عرف سجنا ہلاک

26 فروری کو جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب دہشت گرد نورستان عرف حسن بابا مارا گیا تھا۔

ہلاک ہونے والا دہشت گرد آئی ای ڈی کا ماہر اور ماسٹر ٹرینر تھا جو سال 2007 سے اب تک 50 سے زائد جوانوں کی شہادت میں ملوث تھا۔

قبل ازیں 23 فروری کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں این جی او سے منسلک 4 خواتین کے قتل میں ملوث دہشت گرد حسن عرف سجنا ہلاک ہوگیا۔

حسن عرف سجنا سیکیورٹی فورسز اور پرامن شہریوں کے خلاف ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردوں کی بھرتی کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔

کارٹون

کارٹون : 3 دسمبر 2024
کارٹون : 2 دسمبر 2024