دنیا بھر میں کینسر کا منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے اور پہلی بار پھیپھڑوں کی بجائے بریسٹ کینسر سرطان کی سب سے زیادہ تشخیص ہونے والی قسم بن گئی ہے۔

انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر (آئی اے آر سی) کی جانب سے دسمبر 2020 میں جاری اعدادوشمار کے مطابق اب بریسٹ کینسر سب سے زیادہ تشخیص ہونے والی قسم ہے۔

اکتوبر 2020 میں ڈان اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق ہرسال 50 ہزار خواتین بریسٹ کینسر (چھاتی کے سرطان) کی وجہ سے موت کا شکار ہوجاتی ہیں جو ایشیا میں بریسٹ کینسر کا شکار ہونے والی خواتین کی سب سے زیادہ شرح ہے جبکہ سالانہ اس بیماری کے 90 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں ایک سیمینار کے دوران پاکستان ٹرسٹ کی بانی اور صدر ڈاکٹر زبیدہ قاضی کا کہنا تھا کہ بریسٹ کینسر کی ابتدائی تشخیص اور عوامی آگاہی مہم کے بعد سے پوری دنیا میں اس کے کیسز میں 30 فیصد تک کمی آئی ہے تاہم پاکستان اور ایشیا کے دیگر ممالک میں یہ بیماری بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کہ بنیادی وجہ آگاہی اور کینسر کی تشخیص کے لیے سہولیات کی کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر ہر 9 میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر کا شکار ہوجاتی ہے۔

پنک پاکستان ٹرسٹ کی صدر کے بقول ملک میں 49 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، جن میں 40 سے 45 سال کی عمر کی 30 لاکھ خواتین ہیں جنہیں اس مرض سے زیادہ خطرہ ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پنک پاکستان نے اس حوالے سے خطرے سے دوچار خواتین میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک اسمارٹ فون ایپ کو تیار کیا ہے جو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

گوگل پلے اسٹور میں ایپ کی ڈسکرپشن میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت ایشیائی ممالک میں خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے۔

پاکستان میں شعور نہ ہونے کے باعث کینسر سے اموات کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ایسے ملک میں جہاں خواتین سے متعلق طبی مسائل پر بات کرنے سے گریز کیا جاتا ہے، وہاں لوگوں پر یہ زور دینا کہ وہ ان مسائل کو سنجیدگی سے لیں، ایک مشکل کام ہے۔

بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص سے ہر سال متعدد زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پنک پاکستان نے موبائل ایپ تیار کی ہے، اکہ خواتین خود اپنا معائنہ کرکے مسئلے کو ابتدا میں پکڑ سکیں۔

یہ ایپ انگلش کے ساتھ ساتھ اردو، سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتو زبانوں میں استعمال کی جاسکتی ہے جبکہ اس کا انٹرفیس سادہ رکھا گیا ہے تاکہ کوئی بھی آسانی سے استعمال کرسکے۔

اسی طرح ویژول و آڈیو پر مبنی اپنے معائنے اور تجزیے کا نظام، ماہرین سے براہ راست سوال پوچھنے کے لیے فورم، آن لائن اپائٹمنٹ اور بلاگ سیکش اس ایپ کے نمایاں فیچرز ہیں۔

ایپ کو اس لنک پر جاکر ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں