'ایسا کچھ نہیں ہے جو خواتین نہ کر سکیں'

اپ ڈیٹ 08 مارچ 2021
بولی وڈ اداکارہ نے اپنے بیٹے کی پہلی تصویر شیئر کرتے ہوئے خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کیا— فائل فوٹو: انسٹاگرام
بولی وڈ اداکارہ نے اپنے بیٹے کی پہلی تصویر شیئر کرتے ہوئے خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کیا— فائل فوٹو: انسٹاگرام

آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور اس موقع پر بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے نومولود بیٹے کی پہلی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں کرینہ کپور بلیک اینڈ وائٹ تصویر میں اپنے چھوٹے بیٹے کے ساتھ موجود ہیں۔

تاہم انہوں نے بچے کو گلے سے لگایا ہوا ہے جس کی وجہ سے اس کا چہرہ واضح نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: کرینہ اور سیف کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش

کرینہ کپور نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو خواتین کے عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ 'خواتین کا عالمی دن مبارک ہو'۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'ایسا کچھ نہیں ہے جو خواتین نہ کر سکیں' اور ساتھ ہی انہوں نے خواتین کے عالمی دن کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

بولی وڈ جوڑی کرینہ کپور اور چھوٹے نواب سیف علی خان کے ہاں 21 فروری کی صبح دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

ابتدائی طور پر بچے کی پیدائش کی تصدیق کرینہ کے والد رندھیر کپور نے کی تھی۔

رندھیر کپور نے کہا تھا کہ 'ہم بہت زیادہ خوش ہیں، ماں اور بچہ دونوں ٹھیک ہیں اور ہم برج کینڈی ہسپتال میں ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: 'سیف اور کرینہ دوسرے بیٹے کا کیا نام رکھیں گے؟'، سوشل میڈیا پر تبصرے

بعدازاں شام میں سیف علی خان نے انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں بیٹے کی پیدائش سے متعلق بتایا تھا۔

خیال رہے کہ 12 اگست 2020 کو کرینہ کپور اور سیف علی خان نے میڈیا کو جاری مختصر بیان میں تصدیق کی تھی کہ تیمور خان بڑے بھائی بننے والے ہیں۔

اداکار جوڑے نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ سیف علی خان نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 20 دسمبر 2016 کو پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں