کراچی: چینی شہری کی گاڑی پر فائرنگ، راہگیر زخمی

اپ ڈیٹ 09 مارچ 2021
گاڑی بغدادی کے علاقے میں پہنچی تو موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی—تصویر: ڈان نیوز
گاڑی بغدادی کے علاقے میں پہنچی تو موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی—تصویر: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے لیاری میں ایک چینی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم اس حملے میں چینی شہری محفوظ رہا البتہ ایک راہگیر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

اس ضمن میں سٹی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سرفراز نواز شیخ نے بتایا کہ چینی شہری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اراکین کے ہمراہ صفائی ستھرائی اور کچرا ٹھکانے لگانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے لیاری کے دورے پر تھا۔

ان کے ساتھ کار میں 2 پاکستانی بھی موجود تھے اور جب گاڑی بغدادی کے علاقے میں پہنچی تو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چینی ریسٹورنٹ کے قریب گاڑی میں نصب بم ناکارہ بنا دیا گیا

فائرنگ کے نتیجے میں گولی گاڑی کے شیشے پر لگی اور شیشے کے ٹکڑے لگنے کے سبب چینی شہری زخمی ہوگیا تاہم ان کے دیگر ساتھی محفوظ رہے۔

تاہم قریبی موجود ایک راہگیر ٹانگ میں گولی لگنے کے سبب زخمی ہوگیا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس حملہ آوروں کا مقصد جاننے کے لیے تحقیقات کررہی ہے، جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول سے چلنے والی 2 گولیوں کے خول فرانزیک لیب میں جائزے کے لیے بھجوادیے گئے ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ کیا یہ اسلحہ اس سے قبل کسی اور واردات میں استعمال ہوا ہے یا نہیں۔

دریں اثنا ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی جاوید اکبر ریاض نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔

مزید دیکھیں: کراچی کے علاقے زمزمہ کے قریب فائرنگ سے چینی باشندہ جاں بحق

خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب واقع چینی ریسٹورنٹ کے باہر کھڑی گاڑی ویگو میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

گاڑی مذکورہ چینی ریسٹورنٹ کے مالک کی تھی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ چینی شہری جیسے ہی اپنے ریسٹورنٹ پہنچے تو ان کا پیچھا کرنے والے دو موٹرسائیکل سوار مشتبل ملزمان نے ان کی گاڑی پر میگنیٹک ڈیوائس چسپاں کردی جس میں بارودی مواد موجود تھا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

چند لمحے بعد مشتبہ ملزمان نے ڈیوائس کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی لیکن اس میں خرابی کی وجہ سے صرف ڈیٹونیٹر پھٹا۔

تبصرے (0) بند ہیں