’آپ نے گھبرانا نہیں‘ پر بنائے گئے گانے کی ویڈیو وائرل

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2021
گلوکار و موسیقار سعد علوی کا بنایا گیا گانا وائرل ہوگیا—اسکرین شاٹ
گلوکار و موسیقار سعد علوی کا بنایا گیا گانا وائرل ہوگیا—اسکرین شاٹ

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالے جانے کے بعد کہے گئے جملے ’آپ نے گھبرانا نہیں‘ پر جہاں فلم بن رہی ہے، وہیں اس پر ٹی وی شوز بھی بنائے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان کے اس جملے پر کئی اداکاروں اور فنکاروں نے مزاحیہ ویڈیوز اور میمز بھی بنائیں جب کہ عام افراد بھی ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ پر میمز بناتے رہتے ہیں۔

تاہم اب گلوکار و موسیقار سعد علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے اسی جملے پر گانا بھی تیار کر ڈالا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

سعد علوی ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ سے قبل بھی متعدد گانوں پر پیروڈیز ویڈیوز بنا چکے ہیں اور انہیں ایسے گانے بنائے جانے کی وجہ سے شہرت بھی حاصل ہے۔

یہ ویڈیو دیکھیں: 'وزیراعظم کا جملہ "گھبرانا نہیں" اب مذاق بن گیا'

تاہم ان کی جانب سے حال ہی میں ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ پر بنائے گئے گانے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

سعد علوی نے ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ گانا 8 مارچ کو اپنے یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا تھا تاہم جیسے ہی ان کے گانے کو معروف شخصیات نے ٹوئٹر اور فیس بک پر شیئر کیا تو وہ وائرل ہوگیا۔

’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر ایک مصرع کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی آواز میں مذکورہ جملے کو شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ’ہمیں گھبرانے دو، اب ہمارا گھبرانا بنتا ہے‘

گانے میں عوام کو بتایا گیا ہے کہ اگر صابن مہنگا ہوجائے تو انہوں نے اسے استعمال نہیں کرنا اور آٹا مہنگا ہوجائے تو انہوں نے کھانا نہیں کھانا‘۔

گانے کے ہر مصرع کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کہے گئے الفاظ ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ کو موسیقی کے ساتھ سنایا جاتا ہے۔

مذکورہ گانے کی ویڈیو کو معروف صحافیوں اور سوشل میڈیا پر متحرک افراد نے شیئر کیا تو عام افراد نے بھی اسے شیئر کیا اور اس کی تعریفیں کی جانے لگیں۔

’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ گانے کی تعریفیں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان نے بھی کی جب کہ عام افراد نے گانے کو تنقیدی تناظر میں شیئر کرکے حکومت پر تنقید کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں