فرانس کی پہلی بار خلا میں فوجی مشقیں

10 مارچ 2021
— فوٹو بشکریہ دی نیکسٹ ویب
— فوٹو بشکریہ دی نیکسٹ ویب

اسٹار وارز فلمیں تو آپ نے دیکھی ہوں گی اور ایسا لگتا ہے کہ حقیقی دنیا میں بھی اس عہد کا آغاز فرانس کی جانب سے خلا میں پہلی فوجی مشقوں کے انعقاد سے ہوگیا ہے۔

یو ایس اسپیس فورس اور جرمن اسپیس کمانڈ کے ساتھ کام کرتے ہوئے فرانس نے خلائی فوجی مشقوں کا آغاز کیا۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی اسپیس کمانڈ کا قیام 2019 میں عمل میں آیا تھا۔

اسپیس کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل مائیکل فریڈلنگ نے بتایا کہ یہ فوجی مشقیں ہمارے نظام کا ایک ٹیسٹ ہے اور کسی بھی یورپی ملک کی جانب سے پہلی بار ایسا کیا جارہا ہے۔

ان مشقوں کوو ایسٹر ایکس کا نام دیا گیا ہے جو پہلے فرنچ سیٹلائیٹ ایسٹرایکس سے لیا گیا ہے۔

اس موقع پر فرانس کے وزیر دفاع نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ فرانس کو ایسا کرنے کی ضرورت تھی کیونکہ اتحادی اور حریف خلا کو فوجی طاقت کا نیا میدان بنارہے ہیں۔

فرانس کی خلائی فوجی مشقوں کی تفصیلات تو خفیہ رکھی گئی ہیں مگر رپورٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کا مقصد ایسی بحرانی صورتحال کا تجربہ کرنا ہے جس میں فرانسیسی سیٹلائیٹس تک دشمنوں کی رسائی ہوجائے اور اسپیس کمانڈ اس کے ردعمل کے لیے تیار ہو۔

اسی طرح خطرناک خلائی اجسام کی مانیٹرنگ بھی ان مشقوں کا حصہ ہے۔

ان مشقوں کا آغاز 8 مارچ کو ہوا اور یہ 12 مارچ تک جاری رہیں گی۔

اگرچہ یہ تو واضح نہیں مگر خیال کیا جاسکتا ہے کہ فوجی مشق کے لیے حقیقی فوجیوں کو خلا میں نہیں بھیجا گیا ہوگا اور وہ وہاں اسپیس رائفلیں تھامے تیرتے نظر آرہے ہوں گے۔

یہ سائنس فکشن خیال تو ہوسکتا ہے مگر خلا میں ایسا ممکن نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں