ہنڈائی نشاط موٹرز کی نئی سیڈان گاڑی ایلنٹرا کو پاکستان میں متعارف کرانے کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔

پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق یہ نئی سیڈان 21 مارچ کو ایک آن لائن ایونٹ کے دوران متعارف کرائی جائے گی جو ٹویوٹا کرولا اور ہونڈا سوک کے مقابلے میں پیش کی جارہی ہے۔

کمپنی کی جانب سے گاڑی کے فیچرز اور خصوصیات کے بارے میں تو کچھ نہیں بتایا گیا مگر امکان ہے کہ یہ گاڑی 2000 سی سی آئی 4 سلینڈر ایم پی آئی انجن اور 6 اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن سے لیس ہوگی۔

یہ انجن 154 ہارس پاور اور 195 این ایم ٹورکیو کی پاور فراہم کرے گا جبکہ الیکٹرک پاور اسٹیئرنگ، کروز کنٹرول اور دیگر فیچرز گاڑی کا حصہ ہوں گے۔

گاڑی میں 2 فرنٹ ایئربیگز، ٹریکشن کنٹرول، ہل اسٹارٹ اسسٹ، الیکٹرونک بریک فورس ڈسٹری بیوشن، امبولائزر جیسے مسافروں کے تحفظ کے فیچرز بھی گاڑی کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ مصدقہ فیچرز نہیں بلکہ ممکنہ فیچرز ہیں تو کچھ فیچرز مختلف بھی ہوسکتے ہیں۔

اس گاڑی کی قیمت 38 سے 40 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل ہنڈائی نشاط موٹرز نے اگست 2020 کو ایک ایس یو وی ٹکسن جبکہ فروری میں سانتا فے اور گرینڈ اسٹاریکس پاکستان میں متعارف کرائی تھیں۔

ٹکسن کو جون 2020 میں متعارف کرایا جانا تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث تاخیر سے پیش کی گئی۔

خیال رہے کہ ہنڈائی اس سے قبل 2004 تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی رہی تھی مگر اس کے مقامی اشتراک دار کمپنی فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے اسمبلنگ بند کردی تھی۔

2017 میں ہنڈائی نے نشاط گروپ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں اسمبلنگ پلانٹ کے قیام کا معاہدہ کیا تھا۔

2017 میں نشاط گروپ کے چیئرمین میاں منشانے ڈان کو بتایا تھا کہ جنوبی کورین کمپنی چھوٹی گاڑیوں کی اسمبلنگ سے آغاز کرنا چاہتی ہے تاکہ مارکیٹ میں پہلے سے موجود جاپانی کمپنیوں سے مقابلہ کیا جاسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں